سرینگر// انتظامیہ نے محکمہ سماجی بہبود کے3افسراں کو ٹائم اسکیل’’کے اے ایس‘‘ میں ترقی دی،جبکہ پرائیوٹ سیکریٹریوں کے تبادلے بھی عمل میں لائے ۔حکومت نے محکمہ سماجی بہبود میں گزیٹیڈ سروس کے3افسراں کو ’’کے اے ایس‘‘ ٹائم اسکیل میں ترقیوں کی بنیاد پر تقرریاں عمل میں لائیں۔ محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ جموں کشمیر انتظامی سروس ضوابط2008 کے تحت محکمہ سماجی بہبود(گزیٹیڈ) سروس میں ’’کے اے ایس‘‘ ٹائم اسکیل میں تقرریوں(ترقیوں کی بنیاد پر) کو یکم جنوری2018 سے منظوری دی گئی۔ ان افسراں میں سیما بھارتی،فرید احمد کوہلی اور بابو رام ٹنڈن شامل ہیں۔اس دوران انتظامیہ نے ریاستی الیکشن کمیشن میں تعینات پرائیویٹ سیکریٹری جاوید احمد میر اور محکمہ قبائیلی امور میں پرائیویٹ سیکریٹری غلام محمد وگے کو تبدیل کرکے انہیں مزید احکامات تک تعیناتی کیلئے محکمہ عمومی انتظامی میں انتظار کرنے کی ہدایت دی ۔ کمشنر سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا کہ محکمہ انیمل ہسبنڈری جموں ڈائریکٹوریٹ میں اپنی تعیناتی کا انتظار کر رہے انچارج پرائیویٹ سیکریٹری سریندر جیت سنگھ کو ریاستی الیکشن کمیشن میں تعینات کیا گیا۔محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق17مئی کو جن افسراں کے تبادلے عمل میں لائے گئے، انہیں پیر کو فارغ کیا گیا،اور انہیں منگل کو نئی جگہوں پر حاضر رہنے کی تلقین کی گئی تھی۔