یو این آئی
نئی دہلی// محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو واضح کیا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے دہلی میں 29 مئی کو52.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو کہ اصل درجہ حرارت سے تقریباً تین ڈگری زیادہ تھا۔محکمہ نے کہا کہ جانچ سے پتہ چلا ہے کہ درجہ حرارت کو ریکارڈ کرنے والے منگیش پور موسمی نگرانی اسٹیشن کے سینسر میں خرابی کی وجہ سے درجہ حرارت اصل درجہ حرارت سے تقریباً تین ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ نے ایک بیان میں کہا کہ منگیش پور میں آٹومیٹک ویدر اسٹیشن (اے ڈبلیو ایس) پر درجہ حرارت کے سینسر نے معیاری آلات کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سے تقریباً تین ڈگری سیلسیس زیادہ درجہ حرارت کی اطلاع دی۔ یہ درجہ حرارت 26 مئی 1998 کو پالم میں ریکارڈ کیے گئے 48.4 ڈگری سیلسیس کے اب تک کے بلند ترین درجہ حرارت سے زیادہ ہے۔اس وضاحت کے ساتھ 29 مئی کو ریکارڈ کی گئی 52.9 ڈگری سیلسیس کی سنسنی خیز رپورٹ کو روک دیا گیا ہے، کیونکہ اسے غیر معمولی طور پر زیادہ سمجھا جاتا تھا۔ منگیش پور شمال مغربی دہلی میں ہریانہ کی سرحد کے قریب واقع ہے۔محکمہ کے بیان سے یہ واضح ہوتا ہے کہ 52.9 ڈگری سیلسیس کے ‘غیر معمولی’ اعداد و شمار نے کچھ غلط شبہ پیدا کیا، جس کے بعد محکمہ موسمیات کی ‘ایک ماہر کمیٹی’ نے 29 مئی کو دہلی کے منگیش پور میں اے ڈبلیو ایس کے ریکارڈ کردہ ڈیٹا کی جانچ کی۔ درجہ حرارت کو اچھی طرح سے جانچا اور جائزہ لیا گیا۔بیان میں کہا گیاکہ “تحقیقات اور جائزے میں نہ صرف منگیش پور میں بلکہ دہلی کے کچھ دیگر اے ڈبلیو ایس میں، خاص طور پر نجف گڑھ اور نئی دہلی جیسی جگہوں پر، جہاں ہمیں زیادہ درجہ حرارت حاصل ہوتا ہے، کے سینسروں کی جانچ شامل تھی۔”محکمہ نے کہا کہ دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی پانچ سطحی آبزرویٹریوں اور اے ڈبلیو ایس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
دہلی والوں کوتپش سے راحت ملنے کا امکان
یو این آئی
نئی دہلی// دہلی میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی اور گرمی کی لہر کے حالات میں نرمی کی وجہ سے لوگوں کو چلچلاتی گرمی سے کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کو کہا کہ دہلی سمیت شمال مغربی علاقوں میں گرمی کی لہر کے حالات اگلے دو دنوں میں آہستہ آہستہ کم ہونے کا امکان ہے تاہم دہلی کے کچھ علاقوں میں اگلے دو دنوں تک گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں ایک سے تین ڈگری سیلسیٔس تک کمی کا امکان ہے۔ مغربی ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے شمال مغربی ہندوستان کے کئی حصوں میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ دہلی میں سنیچر کوعام طور پر موسم ابر آلود رہے گا۔ قومی راجدھانی دہلی میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ بہت ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان؍دھول بھرے طوفان آنے کا امکان ہے۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44-45 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔