وارسا/ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے پوری دنیا میں کھیلوں کی معطل سرگرمیوں کے درمیان پولینڈ فٹ بال لیگ 29 مئی سے شروع ہوگی اور اسپیڈوے مقابلے 12 جون سے شروع کئے جائیں گے ۔پولینڈ کے وزیر اعظم ماتیسج مورویکي نے ہفتہ کو یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پولینڈ کی ایکسٹراکلاسا فٹ بال لیگ 29 مئی سے شروع ہوگی جو کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ شروع میں لیگ بغیر ناظرین کے ہی منعقد کی جائے گی۔مورویکي نے کہا کہ میدانوں میں دوبارہ کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔مجھے یقین ہے کہ کھیل کا واپس آنا صورت حال کے معمول پر آنے کا اشارہ ہے ۔ہمیں یہ محسوس ہونا چاہئے کہ ہم متعدد چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ہم کئی چیلنجوں کو پار کر چکے ہیں اور اب کچھ ہی چیلنج باقی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم ان تمام چیلنجوں کا سامنا کر لیں گے ۔وزیر کھیل دنتا دامووسکا-ادریذک نے حالانکہ کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو کسی بھی کھیل میں تربیت شروع کرنے سے پہلے 14 دن تک کی تنہائی میں رہنا ضروری ہوگا اور پہلے کم کھلاڑیوں کے ساتھ تربیت شروع کی جائے گی۔کھلاڑیوں کو بغیر ماسک کے پریکٹس کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ان سب کے بعد باسکٹ بال، ہینڈبال اور والی بال کو دوبارہ شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔یو این آئی