عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// 19 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ اس کے سرکاری افتتاح سے قبل وزارت ریلوے نے بدھ کو کہا کہ مشہور چناب ریل پل صرف دو پہاڑوں کو ہی نہیں جوڑتا ہے بلکہ جموں و کشمیر کے خوابوں، ترقی اور ایک نئے دور کو جوڑتا ہے۔مودی جموں سے سرینگر کے راستے کٹرہ تک وندے بھارت ٹرین کو 272 کلومیٹر کے ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک کی تکمیل کے موقع پرہری جھنڈی دکھائیں گے ۔دلیپ کمار، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، انفارمیشن اینڈ پبلسٹی، ریلوے بورڈنے کہا”ہمالیہ کے ارضیاتی طور پر پیچیدہ اور غیر مستحکم خطوں میں بنایا گیا، چناب پل بنیادی ڈھانچے کے ایک کارنامے سے بڑھ کر ہے، یہ ہندوستان کی ہمت، جدت طرازی اور انتہائی دور دراز کونوں تک ترقی لانے کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے،” ۔ریلیز میں کہا گیا کہ “چونکہ یہ چناب پر اونچا کھڑا ہے، یہ پل صرف دو پہاڑوں کو نہیں جوڑتا ہے ، یہ جموں و کشمیر کے خوابوں، ترقی اور ایک نئے دور کو جوڑتا ہے”۔ریلوے کی وزارت نے کہا کہ سلال ڈیم کے قریب دریائے چناب کے پار 1,315 میٹر تک پھیلا ہوا یہ پل 467 میٹر کا مرکزی محراب کا حامل ہے، اور یہ 266 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کو برداشت کر سکتا ہے۔وزارت کے مطابق، پل اونچائی میں ایفل ٹاور کو پیچھے چھوڑتا ہے اور دریا کے کنارے سے ریل کی سطح تک قطب مینار سے تقریبا ًپانچ گنا اونچا ہے۔کمار نے کہا، “اس انجینئرنگ کے معجزے کی تعمیر میں 28,000 میٹرک ٹن سے زیادہ سٹیل شامل ہے اور ہندوستانی ریلوے میں اپنی نوعیت کا پہلا کیبل کرین سسٹم متعارف کرایا گیا ہے – جو 915 میٹر چوڑی گھاٹی میں سامان لے جانے کے لیے استعمال کیا گیا جس میں دو بڑی کیبل کاریں اور 100 میٹر سے زیادہ بلند پائلن موجود ہیں۔”یہ پل اودھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے اور یہ “صرف خطوں کو ہی نہیں بلکہ خواہشات کو جوڑتا ہے جو وادی کشمیر کو باقی ہندوستان سے ایک ہمہ موسمی، قابل بھروسہ ریل روٹ سے جوڑتا ہے۔” وزارت نے دعوی کیا کہ یہ “دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل” دریا کے کنارے سے 359 میٹر بلند ہے۔