سرینگر //سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈہ کیلئے 28مارچ پیر کا دن سب سے مصروف ترین دن رہا ۔ اس دن مجموعی طور پر 90پروازوں کی آوا جاہی ہوئی۔ ائر پورٹ اتھارٹی ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 45پروازیں 7,824 مسافروں کو لے کر ہوائی اڈے پر اتریں جبکہ اسی تعداد میں پروازیں 7,190 مسافروں کو لے کر مختلف مقامات پر روانہ ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ28 مارچ کو ریکارڈ 90 پروازیں چلائی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیر کے روز ریکارڈ 90 پروازوں نے 15,014 مسافروں کو لے کر اڑان بھری اور یہ ابتک کا سرینگر ائر پورٹ کی تاریخ کا مصروف ترین دن ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال، ہوائی اڈے کے ٹرمینل پر یومیہ 7,000 مسافروں کی گنجائش ہے اور وہ مزید مسافروں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ایک نئی ٹرمینل عمارت بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیر کو نئی دہلی سے سرینگر کیلئے سب سے پہلی پروازایڈیگو کی آئی، جو صبح 6بجکر 25منٹ پر پہنچ گئی ۔انکا کہنا تھا کہ سرینگر سے ائر ایشیاء کی آخری پرواز نے شام دیر گئے 8بجکر 20 منٹ پر نئی دہلی کیلئے اڑان بھری۔