عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل کی راجوری یونٹوں نے دنیا بھر کے ہندوؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ 27 جولائی سے شروع ہونے والی شری بابا بڈھا امرناتھ جی کی یاترا میں بڑے پیمانے پر شرکت کریں۔یاترا کی آمد 27 اور 28 جولائی کو راجوری میں متوقع ہے، جس کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں راجوری میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے اہم عہدیداران نے شرکت کی۔پریس کانفرنس سے وی ایچ پی ضلع صدر کیول شرما، جنرل سیکریٹری گورو مہاجن، خزانچی دیپک کمار، سہیل پانڈت (پرنت سائپتھایک ملن پرمکھ)، کرن ٹھاکر (وبھاگ منتری)، امیت سیٹھی (پبلسٹی ہیڈ)، سہیل بجرنگی (ضلع کوآرڈینیٹر بجرنگ دل)، سنیل کمار (کو-کوآرڈینیٹر) اور پنڈت راجندر جی (ضلع ہفتہ وار میٹنگ انچارج) نے خطاب کیا۔مقررین نے ہندو سماج اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس روحانی یاترا میں دل و جان سے شریک ہوں اور اس کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے دوران یاتریوں کو محفوظ، پْرامن اور روحانی ماحول فراہم کرنے کے لئے جسمانی، ذہنی اور مالی تعاون کی اشد ضرورت ہے، اور یہ تبھی ممکن ہے جب پورا سماج مل کر اس مشن میں شریک ہو۔