گاندربل //پولیس نے ایک ڈرامائی کارروائی کے دوران 3افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے پرانے نوٹوں پر مشتمل27لاکھ روپے برآمد کئے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس اسٹیشن صفاپورہ سے وابستہ ایک چھاپہ مار ٹیم نے سرینگر بانڈی پورہ شاہراہ پر صفاپورہ کے نزدیک ایک آلٹو کار زیر نمبر JK15/5969 کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ پولیس کو پہلے ہی اس بات کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کار میں سوار افراد کے پاس 500 اور 1000 کے نوٹوں پر مشتمل بھاری رقم موجود ہے۔ آلٹو کار کی تلاشی کے دوران اس میں سے پرانے نوٹوں پر مشتمل27لاکھ روپے برآمد کئے گئے جو ایک بیگ میں چھپائے گئے تھے۔یہ رقم 500اور1000کے پرانے نوٹوں پر مشتمل تھی جن پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پولیس نے کار میں سوار ڈرائیور سمیت تمام3افراد کو حراست میں لیا جن کے نام بلال احمد ڈار ولد بشیر احمد ساکن پلان بانڈی پورہ، نثار احمد لون ولد غلام محمد اور پولیس کانسٹیبل مدثر احمد وانی ولد مختار احمد ساکنان چک ریشی پورہ بانڈی پورہ کے بطور ظاہر کئے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان سے اس بارے میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے کہ ان کے پاس اتنی بڑی رقم کہاں سے آئی اور وہ یہ رقم کہاں اور کس مقصد سے لے جارہے تھے۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن صفاپورہ میں باضابطہ طور کیس درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔