بھیلواڑہ//وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر سرجیکل اسٹرائک پر سوال اٹھانے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ ممبئی میں ہوئے 26/11کے حملہ آوروں کو بخشا نہیں جائے گا۔مسٹرمودی انتخابی تشہیر کے اپنے دوسرے دن منعقدہ عوامی جلسہ میں کہاکہ ممبئی حملے کے واقعہ کو آج دس برس ہوگئے ۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ہم موقع کی تلاش میں ہے ۔26/11کے حملہ آوروں کو چھوڑیں گے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس وطن سے محبت کے سبق پڑھا رہی تھی وہیں ہماری حکومت آنے کے بعد فوج نے سرجیکل اسٹرائک کرکے دہشت گردوں سے حساب برابر کردیا۔ انہوں نے کہاکہ دشمن کو اس کے گھر میں جاکر مارا گیا اور ہر ہندستانی کوفخر ہوا تھا۔ ایسے وقت میں کانگریس نے سرجیکل اسٹرائک پر سوال ٹھایا۔ ویڈیو دکھاو سرجیکل اسٹرائک ہوا یا نہیں ۔ اس وقت کانگریس کو ملک سے محبت یاد نہیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ اب کانگریس کو جواب دینا ہوگا۔مسٹر مودی نے کانگریس کے صدر راہل گاندھی پرطنز کرتے ہوئے کہاکہ میں نے کہا تھا کہ میں محنت ومشقت میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا ۔ ۔ انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت آنے سے پہلے پچاس فیصد لوگوں کا بینک میں اکاونٹ تھا اور گزشتہ چار برس میں ہر ہندستانی کا بینک میں اکاونٹ کھول دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ راجستھان نے ٹھان لی ہے کہ ریاست میں پھر ایک بار بی جے پی کی حکومت بناکر رہیں گے ۔ ترقی کے سفر کو مزید طاقت دیں گے اور نئی تاریخ رقم کریں گے ۔ ادھر امریکہ نے ممبئی دہشت گردانہ حملے کی دسویں برسی سے قبل کی شام، پاکستان کو تلقین کی کہ وہ لشکر طیبہ سمیت حملے کے سبھی قصورواروں کو قانون کی گرفت میں لے ۔ امریکہ نے اعلان کیا کہ حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری اورانہیں سزا دلانے کے لئے اہم اطلاعات و سراغ دینے والوں کو 50 لاکھ ڈالر (تقریباً 36 کروڑ روپے )انعام میں دیئے جائیں گے ۔امریکی محکمہ خارجہ نے اتوار کی شب واشنگٹن میں وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں مسٹر پومپیو نے کہا کہ ممبئی دہشت گردانہ حملے کی دسویں برسی پر وہ امریکی حکومت اور اس کے سبھی شہریوں کی جانب سے ہندوستان اور ممبئی کے لوگوں کے تئیں یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ہم اس وحشیانہ واقعہ میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں جن میں امریکہ کے چھ شہری بھی شامل ہیں۔ 26 نومبر کے اس وحشیانہ واقعہ نے پوری دنیا کو ہلاکر رکھ دیا تھا۔مسٹر پومپیو نے کہا کہ اس حملے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کے لئے یہ ایک بہت بڑا المیہ ہے ۔