عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج یعنی 28 اپریل کو جموں میں طلب کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں وزرا کی کونسل نے 28 اپریل 2025 کو جموں میں صبح 10:30 بجے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کو مشورہ دیا تھا۔وزارتی کونسل کی تجویزکے دو دن بعد جمعہ کو ایل جی نے نوٹس جاری کیا۔اس میں کہا گیا تھا”میں، منوج سنہا، جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیفٹیننٹ گورنر، جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ، 2019 کی دفعہ 18(1) کے تحت ، عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس پیر، 28 اپریل، کو جموں میں طلب کرتا ہوں۔” اسی مناسبت سے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور طرز عمل کے قاعدہ 3 کے مطابق تمام اراکین سے درخواست کی گئی کہ وہ مقررہ تاریخ، وقت اور جگہ پر اجلاس میں شرکت کریں۔اس خصوصی اجلاس کا بنیادی ایجنڈا پہلگام میں ہوئی سیاحوں کی ہلاکت ہے۔سپیکر کی جانب سے بائسرن حملے میں مہلوکین کو خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے ماتمی قرارداد پیش کی جائیگی۔پھر اس پر بحث کی جائیگی۔