عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے الگ تھلگ اور بکھرے ہوئے مقامات پر 26 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس نے 21 سے 23 جولائی کے دوران کچھ مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ تیز بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ نے 20 جولائی تک جموں و کشمیر کے کافی وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیاہے۔انہوں نے کہا کہ 21 سے 23 جولائی تک جموں و کشمیر کے الگ تھلگ مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/گرج چمک کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا۔ انہوں نے 21 سے 23 جولائی تک الگ تھلگ مقامات پر تیز بارش کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ تیز بارش کی بھی پیش گوئی کی۔ عہدیداروں نے جاری رکھا کہ اس دوران چند خطرناک مقامات پرمٹی کے تودے اور پتھرگرنے کے ساتھ سیلاب آسکتا ہے۔ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کے علاوہ کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام نے مزید کہا کہ 24 سے 26 جولائی تک بکھرے ہوئے مقامات اثر انداز ہونگے۔حکام نے بتایا کہ کسانوں کو 18-20 جولائی کے دوران اپنے باغات پر سپرے کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔