سرینگر//26جنوری کی آمد کے ساتھ ہی جہاں شہر سرینگر میں جگہ جگہ پولیس اور فورسز نے ناکہ لگاکر گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی لینے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔وہیں شیر کشمیر سٹیڈیم جہاں امسال 26جنوری کی تقریب منعقد ہورہی ہے ،کو سیکورٹی کے حوالے کیا گیا ہے اور علاقہ میں سیکورٹی کے کڑے بند و بست کئے جارہے ہیں ۔26جنوری کے پیش نظرسول لائنز ،بائی پاس اور سرینگر کے مضافات میں پولیس وفورسز کی گشت بڑھا دی گئی ہے اور سڑکوں پر پولیس وفورسز کی جانب سے نجی اور مسافر بردار گاڑیوں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔26جنوریکی تقریب امسال پہلی بار شیر کشمیر سٹیڈیم سونہ وار میںمنعقد ہونے والی ہے اور سٹیڈیم کے ارد گرد بھی حفاظت کے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔سٹیڈیم کے ارد گرد عارضی بینکر قایم کئے گئے ہیں ۔سٹیڈیم سے گذرنے والی سڑک کو شام دیر گئے ٹریفک کیلئے بند کردیا جاتا ہے ۔نگرانی کیلئے سٹیڈیم کے آس پاس والے علاقے میںسی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔اسٹیڈیم کے نزدیکی علاقوں سونہ وار ،ڈلگیٹ اور راجباغ میں بھی فورسز کا گشت بڑھا دیا گیا ہے جبکہ ان علاقوں میں پولیس اور فورسز نے علاقہ میں ہوٹلوںمیں رہایش پذیر لوگوں سے پوچھ تاچھ شروع کی ہے ۔سول لائنز کے بٹہ مالو ،بڈشاہ چوک ،ڈلگیٹ ،ریگل چوک ،جہانگیر چوک کے ساتھ ساتھ رامباغ ،باغات برزلہ ،حیدر پورہ ،بمنہ بائی پاس ،ہمہامہ ،نوگام اور دیگر کئی علاقوں میں فورسز کے ناکے لگائے گئے ہیں جہاں گذشتہ کئی دنوں سے گاڑیوں کو روک کرتلاشی لی جاتی ہے ۔ اندرون شہر بھی گاڑیوں کی چیکنگ اور مسافروں کی پوچھ تاچھ کا سلسلہ اچانک تیز کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں اور دیہات سے شہر میں داخل ہونے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ کئی مقامات پر مسافروں اور راہگیروں کو قطاروں میں کھڑا کر کے ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے علاوہ ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے۔ 26جنوری کی آمد پر ہر سال کی طرح امسال بھی شہر اور اس کے گرد و نواح میں پولیس اور نیم فوجی دستے گاڑیوں کی چیکنگ ،راہگیروں کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کررہے ہیں تاہم اس بار چیکنگ کا سلسلہ کئی ہفتے قبل ہی شروع کیا گیا جبکہ شام کے بعد شہر میں سڑکوں پر پولیس کی طرف سے رکاوٹیں کھڑا کی جارہی ہیں اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے ۔غیر معمولی حفاظتی بندوبست نے حسب روایت مسافروں کو طرح طرح کے مصائب میں مبتلا کردیا ہے کیونکہ سرینگر میں داخل ہونے والی گاڑیوں سے مسافروں کو شدید سردی کے باوجود نیچے اترنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔