سرینگر //متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو کروڑوں عوام کے لئے یوم عتاب اوریوم ٹارچر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھارت کو جمہوریت کی آڑ میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں انجام دینے سے روکے۔ ایک بیان میں جمیل الرحمان نے کہا کہ آسیان ممالک کے حکمرانوں کی جانب سے نئی دہلی میں اس یوم عتاب پر شرکت اور بھارت کے ساتھ معاہدوں کی اطلاعات نے مظلوم اور محکوم عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ کیوں کہ بھارت دنیا سے اپنے ان تعلقات کا رعب و دبدبہ اپنی ریاستی ظلم وستم اور مظالم و اقلیتوںکی نسل کشی جاری رکھنے کےلئے ایک جواز کے طور پر استعمال کر رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کےلئے جو دن سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے اور اس پر بھارت جشن مناتا ہے لیکن وہ دن کشمیر ہی نہیں بلکہ شمال مشرقی بھارت اور مظلوم عوام کے لئے ماتم اور تکلیف کا دن ہوتا ہے۔ متحدہ جہاد کونسل نے امن پسند دنیا اور آسیان ممالک بالخصوص پر زور دیا کہ وہ بھارت کی اس طرح کی مکاری سے خبردار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو کچلنے کے لئے بھارت کے تمام منصوبے اور جارحانہ ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔شہداءکی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔