شہر میں 24گھنٹوں کے دوران دوسرا حملہ ،چوکس رہنے کیلئے پولیس ایڈوائزری جاری
سرینگر+شوپیان+پلوامہ// 26جنوری سے قبل جمعرات کو زیرو برج راجباغ کے قریب پولیس پر گرینیڈ حملہ، جس میں ایک پولیس افسر سمیت 3جوان زخمی ہوئے تھے، جنگجوئوں نے رواں ہفتے میں جمعہ کو دوسری بار گھنٹہ گھر لالچوک کے نزدیک سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جبکہ شوپیان میں بھی فورسز و پولیس کیمپ پر گرینیڈ پھینکا گیا۔تاہم دونوں واقعات میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔اس دوران پولیس نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے افسران کو 24گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ہفتے میں تیسری بار اور گزشتہ2دنوں میں مسلسل دوسری بار جنگجوئوں نے جمعہ کو لالچوک میں قریب12بجکر45منٹ پر سی آر پی ایف کی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے دستی بم پھینکا۔ گرینیڈ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا،جس کے ساتھ ہی لالچوک میں افراتفری اور کھلبلی مچ گئی۔ دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ پاس کے دکانوں اور گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بعد دوپہر جنگجوئوں نے یہاں موجود سی آر پی ایف اہلکاروں پر گرینیڈ داغا جو سڑک پر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ گرینیڈ حملے میں چار دوکانات کے شیشے چکنا چور ہونے کے علاوہ ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر JK01AH-0279کو معمولی نقصان ہوا۔حملے کے فوراً بعد یہاں کچھ وقفے کے لئے ٹریفک کی نقل وحمل بند ہوگئی ۔ شہر کے ریذیڈنسی روڑ، ایم اے روڑ، پولو ویو، ڈلگیٹ، ریگل چوک، پرتاپ پارک، مہاراجہ بازار، گونی کھن، امیرا کدل،کورٹ روڑ اور مضافاتی علاقوں میں فورسز نے اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطرراہ گیروں کی جامہ تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ ان کے شناختی کارڈ چیک کئے تاہم کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔یاد رہے کہ شہر سرینگر میں گزشتہ8روز کے دوران پولیس وفورسز پر 3گرینیڈ حملے کئے گئے جبکہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران دارلحکومت سرینگر میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا حملہ ہے ۔ان حملوں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت3پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ادھر شوپیان قصبہ میں گاگرن میں قائم فورسز و پولیس کیمپ پر بھی بعد دوپہر قریب 2بجے گرینیڈ پھینکا گیا جو کیمپ کے نزدک زور دا دھماکہ سے پھٹ گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔واقعہ کے بعد گاگرن اور اسکے متصل تلاشی کارروائی لی گئی اور راہ گیروں سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔ادھرپلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں جمعہ کی شام ساڑھے سات بجے کے قریب پولیس اسٹیشن کے نزدیک ایک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکہ کے نتیجے میں علاقہ دہل اٹھا ۔تاہم پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ کوئی حملہ نہیں تھا بلکہ سنتری نے مشتبہ حرکت دیکھ کر ہوا میں فائرنگ کی ۔دریں اثناء ریاستی پولیس نے26جنوری اور دارلحکومت سرینگر میں پے درپے گرینیڈ حملوں کے پیش نظر ’ایڈوائزی ‘ جاری کرتے ہوئے پولیس افسران واہلکاروں کو 24گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے ۔پولیس کے مطابق جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے شہر میں جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں جہاں لوگوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔ ایسے ہی ناکے سرینگر سے باہر وادی کے دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں بھی لگائے گئے ہیں۔ ایڈوائزری میں تعلیمی اداروں کو بتایا گیا ہے کہ وہ کسی اجنبی کو داخل نہ ہونے دیں اور طالب علموں کو خصوصی ہدایات دیں۔پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اجنبی اور لاوارث چیزوں کو ہاتھ نہ لگائیں اور کسی بھی مشکوک چیز یا شخص کو دیکھنے پر پولیس کو اطلاع دیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا’اگر آپ کے پاس کسی قوم دشمن یا سماج دشمن عنصر کی کوئی اطلاع ہے تو برائے مہربانی نزدیکی تھانے سے رابطہ کریں یا 100گھمائیں ‘۔ایڈوائزی میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس نے مسافر گاڑیوں میں سفر کرنے والوں سمیت جملہ لوگوں کو بازار،شاپنگ مالوں، ریلوے سٹیشنوں، بس اسٹینڈوں اور دیگر عوامی مقامات پر چوکسی برتنے کی ہدایت دی ہے۔پولیس نے تمام پولیس تھانوں کے ا سٹیشن ہائوس افسران اورپوسٹ انچارجوں کو24 گھنٹے ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔