عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے شمال مشرقی ریاستوں میں اپنی سرمایہ کاری کو 75 ہزار کروڑ روپے تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ فی الحال ان ریاستوں میں کمپنی کی تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہے ۔مکیش امبانی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد ‘ رائزنگ نارتھ ایسٹ انویسٹرس سمٹ’ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز وزیر اعظم مودی اور ملک کو آپریشن سندور پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا، جو مسلح افواج کی بے مثال بہادری کی وجہ سے کامیاب ہوا۔مکیش ا مبانی نے کہا کہ اس مجوزہ سرمایہ کاری سے 25 لاکھ سے زیادہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ مکیش امبانی نے ریاستوں میں 350 بائیو گیس پلانٹ لگانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ جیو کا حوالہ دیتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ ریلائنس جیو کا 5جی نیٹ ورک شمال مشرقی ریاستوں کی تقریباً 90 فیصد آبادی تک پہنچ چکا ہے ۔ 50 لاکھ لوگ جیو 5G نیٹ ورک سے جڑے ہوئے ہیں اور اس سال یہ تعداد دوگنی ہو جائے گی۔ ریلائنس ریٹیل کسانوں سے ان کی آمدنی بڑھانے کے لیے براہ راست خریداری کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ مکیش امبانی نے کہا کہ وزیر اعظم کی کوششوں سے شمال مشرق حاشیے سے نکل کر ہندوستان کے ترقی کے نقشے پر ابھرا ہے ۔صحت کے شعبے میں ریلائنس فاؤنڈیشن کے کام پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلائنس فاؤنڈیشن نے منی پور میں 150 بستروں کا کینسر ہسپتال قائم کیا ہے ۔ اس کے ساتھ، فاؤنڈیشن میزورم یونیورسٹی کے ساتھ جینومک ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے چھاتی کے کینسر کی دیکھ بھال کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون کر رہی ہے ۔ فاؤنڈیشن نے گوہاٹی میں ایک جدید مالیکیولر تشخیصی اور تحقیقی لیبارٹری قائم کی ہے ۔ یہ ہندوستان میں جینوم کی ترتیب کی سب سے بڑی صلاحیتوں سے لیس ہوگا۔ شمال مشرقی ریاستوں میں، ریلائنس فاؤنڈیشن تمام آٹھ ریاستوں کے ساتھ مل کر اولمپک تربیتی مراکز قائم کرے گی، جہاں سے باہر آنے والے نوجوان اولمپک میں تمغہ جیتنے کے قابل ہوں گے ۔