ایم ایم پرویز
رام بن//ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے نے بدھ کے روز چنینی علاقے میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں ایک اوور لوڈ منی بس کو ضبط کیا اور اس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک سب ڈویژن ادھم پور کی ٹریفک پولیس کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) مشتاق احمد سیکٹر آفیسر (ایس او) چنینی کی قیادت میں ایک منی بس کو روکا جس کی رجسٹریشن نمبر JK21D-4329 تھی جو ادھم پور سے چنینی کی طرف جارہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران منی بس میں52 مسافرسوار تھے تاہم مذکورہ گاڑی میں محض 24 سواریوں کی گنجائش تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ایک منی بس کو ضبط کر لیا گیا اور گاڑی کے ڈرائیور منی پال سنگھ ولد بلدیو سنگھ کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔اس سلسلہ میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر12/2024زیر سیکشن 279/336 آئی پی سی کے تحت پولیس اسٹیشن چنینی میں درج کیاگیا۔ایس ایس پی ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے ہیڈکوارٹر رام بن، روہت باسکوترا نے تصدیق کی کہ ایک اوور لوڈڈ گاڑی کو ضبط کیا گیا اور گاڑی کے ڈرائیور کوچنینی علاقے میں مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس نے رواں ماہ چار مقدمات کی ایف آئی آر درج کی ہیں اور موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرکے مسافروں کیلئے سڑکوں کو محفوظ بنانے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔انہوں نے ایک بار پھر ڈرائیوروں کو خبردار کیا کہ وہ اوور لوڈنگ کی مشق سے گریز کریں ورنہ انہیں قانون کی موسیقی کا سامنا کرنا پڑے گا۔