بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے واقعات کے بعد مواصلاتی نظام کی اچانک معطلی نے وادی اور جموں خطے میں عوامی زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ موبائل فون نیٹ ورک منگل کی سہ پہر 3بجکر30منٹ پر بند ہو گیا ، جو بدھ کی دوپہر تقریباً 2بجکر30منٹ پر بحال ہوا ۔ لگ بھگ 22 گھنٹوں تک لاکھوں صارفین کالز، انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل خدمات سے محروم رہے۔محکمہ مواصلات نے بتایا کہ شملہ اور جموں ڈویژن میں کئی مقامات پر بادل پھٹنے سے مواصلاتی ٹاورز اور آپٹیکل فائبر لنکس کو نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے پورے یو ٹی میں موبائل سروسز متاثر ہوئیں۔ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ایئرٹیل‘ کی خدمات مکمل طور پر بند ہو گئیں، جب کہ ’جیو‘ اور ’بی ایس این ایل‘ نے کچھ علاقوں میں انتہائی محدود نیٹ ورک فراہم کیا، مگر وہ بھی غیر مستحکم رہا۔نیٹ ورک بندش کی وجہ سے نہ صرف شہری آپس میں رابطے سے محروم رہے، بلکہ ہسپتالوں، ایمرجنسی سروسز، آن لائن کاروبار، سکولوں، اور مالیاتی اداروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔