سرینگر// ریاستی حکومت نے 2138 رہبر تعلیم اساتذہ کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اکتوبر مہینے کے دوران ہی 572 رہبر تعلیم اساتذہ کی نوکریوں کی باقاعدگی کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔اس سلسلہ میںڈائریکٹرسکول ایجوکیشن کشمیر انجینئر اعجاز احمد بٹ نے کہا کہ رہبر تعلیم اساتذہ، ای ویز اور کے جی بی ویز کی مستقلی کا عمل تیز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں اسسٹنٹ ڈائر یکٹر پلاننگ کی سربراہی میں کمیٹی دیگر کیسوں کے نپٹارے کا کام انجام دے رہی ہے۔ جس میں او ایس ڈی مانٹرنگ، اور پی آر ائو ڈائر یکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اپنے عملے کے تما م معاملات حل کرنے میں سنجیدگی کے ساتھ کام کررہا ہے اور اساتذہ، ماسٹروں اور دیگر عملے کے مسائل حل کرنے کی جانب گامزن ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے رہبر تعلیم اساتذہ کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کا کام کچھ مدت کیلئے روکا تھا تاہم محکمانہ حکم نامہ زیر نمبر 184 بتاریخ24.05.2016 اس باقاعدگی کے عمل کو ازسر نو شروع کیا گیا ہے۔ اور تاحال ضلع اننت ناگ، گاندربل،کپوارہ،کولگام، پلوامہ ، شوپیان، سرینگر اور کرگل کے 2138 رہبر تعلیم اساتذہ کو باقاعدہ بنایا گیا ہے ۔ دریں اثناء اساتذہ برادری نے ڈائریکٹر موصوف کے ان اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ انجینئر اعجاز احمد بٹ کی صلاحیتوں میں اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے دیگر عملے معاملات کو حُسن خوبی کے ساتھ حل کیا جائے گااورملازمین کو غیر ضروری طور پر ڈائریکٹوریٹ کے چکر نہ کاٹنے پڑیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ افراد اپنے کوائف کی جانچ کیلئے محکمہ کی ویب سائٹ www.dsek.nic.in کا مشاہدہ کریں۔