عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
نئی دہلی//بھارت کو ٹی20 چیمپئن بنانے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ فائنل میں شکست کے بعد کوچنگ جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا تھا لیکن روہت شرما کی ایک کال نے سب کچھ بدل دیا۔راہول ڈریوڈ نے ایک ویڈیو میں یہ انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے انہیں کوچنگ جاری رکھنے کا کہا تھا۔بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ’ایکس‘ پر بھارتی ڈریسنگ روم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ ورلڈچیمپئن بننے پر کھلاڑیوں کی تعریف کررہے ہیں اور اس دوران انہوں نے روہت شرما کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے بعد راہول ڈریوڈ کا بطور کوچ 2 سال کا معاہدہ مکمل ہوچکا تھا، بھارتی بورڈ اس میں توسیع چاہتا تھا لیکن آسٹریلیا کے ہاتھوں فائنل میں شکست کے بعد راہول ڈریوڈ نے کوچنگ جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ویڈیو میں راہول ڈریوڈ نے بتایا کہ انہیں نومبر میں روہت شرما کی جانب سے ایک کال موصول ہوئی جس کے بعد سب کچھ بدل گیا۔انہوں نے روہت شرما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’رو، نومبر میں مجھے فون پر یہ عہدہ جاری رکھنے کا کہنے کے لیے بہت شکریہ، بہت سے مواقع پر ہم نے اہم گفتگو کی اور کہیں پر اختلاف تو کسی موقع پر اتفاق کرنا پڑا، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے ان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا‘۔یاد رہے کہ راہول ڈریوڈ کی کوچنگ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے نہ صرف ٹی20 ورلڈکپ 2024 جیتا بلکہ ون ڈے ورلڈکپ 2023 اور جون 2023 میں ٹیسٹ چیمپن شپ کے فائنل میں بھی رسائی حاصل کی ۔