بلال فرقانی
سرینگر //جہیز سے متعلق جرائم کے تحت درج معاملوں میں 2023 میں 14 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی رپورٹ میں یہ جانکاری سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2023 میں پورے ملک میں جہیز سے متعلق 15 ہزار سے زائد معاملات درج کیے گئے اور اس دوران 6100 سے زائد خواتین کی موت بھی واقع ہوئی ۔جہیز کے کیسز کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے این سی آر بی کے مطابق، جموں و کشمیر میں جہیز کے معاملات کی تعداد میں سالانہ اتار چڑھا آتا ہے، لیکن حالیہ اعداد و شمار دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کم تعداد کی نشاندہی کرتے ہیں۔2023 میںمرکز کے زیر انتظام علاقے میں جہیزکے9 مقدمات درج ہوئے۔
اس دوران، شوہر یا اس کے رشتہ داروں کی طرف سے ظلم اور مطالبات سے منسلک، 524 مقدمات درج کئے گئے۔2021 میںجموں کے علاقے میں جہیز کی وجہ سے 16 اموات ہوئیں، جب کہ وادی کشمیر میں کوئی موت رجسٹر نہیں ہوئی۔ وادی کشمیر میں 2020 میں ایک جہیز کی موت ریکارڈ کی گئی۔2020، 2015 اور 2017 کے درمیان جہیز سے متعلق 639 مقدمات درج ہوئے۔قابل اطلاق قوانین2019 میں ریاست کی تنظیم نو کے بعد، 1961 کے جہیز ایکٹ پر پابندی کے قانون جیسے مرکزی قوانین کو جموں و کشمیر تک بڑھا دیا گیا۔ این سی آر بی کی ’ہندوستان میں جرائم 2023‘ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں جہیز پر پابندی ایکٹ کے تحت 15489 معاملے درج کیے گئے، جبکہ 2022 اور 2021 میں یہ اعداد و شمار بالترتیب 13479 اور 13568 تھے۔این سی آر بی کی رپورٹ کے مطابق جہیز پر پابندی ایکٹ کے تحت سب سے زیادہ معاملے 7151 اترپردیش میں درج کیے گئے، اس کے بعد بہار میں 3665 اور کرناٹک میں 2322 معاملے درج کیے گئے۔ رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ مغربی بنگال، گوا، اروناچل پردیش، لداخ اور سکم سمیت 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس دوران جہیز کے صفر معاملے درج کیے گئے۔سال 2023 میں جہیز کے لیے قتل کے معاملوں میں مجموعی طور پر 6156 لوگوں کی جانیں گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق اترپردیش 2122 اموات کے ساتھ سرفہرست رہا اور 1143 اموات کے ساتھ بہار دوسرے مقام پر رہا۔ رپورٹ کے مطابق جہیز پر پابندی ایکٹ کے تحت 2023 میں 83327 معاملوں کی سماعت ہوئی۔ رواں سال اس ایکٹ کے تحت 27154 گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں، جن میں 22316 مرد اور 4838 خواتین شامل ہیں۔این سی آر بی کی رپورٹ کے مطابق سال 2021 سے 2023 تک اترپردیش میں خواتین کے خلاف جرائم کے معاملے میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ سال 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کی تعداد 56083 تھی جو سال 2022 میں اضافے کے ساتھ 65743 ہو گئی ہے۔ ریاست میں سال 2023 میں 33 خواتین کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور عصمت دری کے بعد قتل کے معاملے درج کیے گئے۔ اسی طرح 3556 خواتین کے ساتھ عصمت دری کے معاملے درج ہوئے ہیں۔ ان میں 301 نابالغ بچیوں کے ساتھ عصمت دری کے معاملے سامنے آئے اور عصمت دری کی کوشش کے 140 معاملے درج ہوئے۔