سرینگر // نیشنل کانفرنس نے ریاست میں آئے روز مخدوش اور پر تناؤ امن و قانون کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار لوگوں کے مال جان کو تحفظ فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے اور گذشتہ تین سال سے اس حکومت میں بے گناہ شہریوں ،کم سن طلباء اور بے قصور خواتین کوبے دردی کے ساتھ ہلاک کیا گیا ۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر ایڈوکیٹ چودھری محمدرمضان نے کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اہل کشمیر کو ہر سطح پر موجودہ حکومت نے نظر انداز کر دیا اور تمام بنیادی سہولیات اور لازمی خدمات سے بھی محروم رکھا ۔ بجٹ 2018-19 کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پندرہ لاکھ بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کی فلاح وبہبود کی یا ان کی برسر روزگار کا بجٹ میں کوئی ذکر نہیں ۔