راجوری //راجوری کے کلر علاقے میں اندرولہ پل جو 2014کے سیلاب میں بہہ گیاتھا، کی دوبارہ تعمیر میں تاخیر پرمقامی آبادی نے حکام کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گھنٹوں تک جموں پونچھ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رکھا۔بڑی تعداد میں لوگ جموں پونچھ شاہراہ پر جمع ہوئے اور انہوںنے سابق ممبراسمبلی کالاکوٹ و کانگریس لیڈر اشوک شرما کی قیادت میں احتجاج مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے دونوں طرف سے گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے ڈپٹی کمشنر اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔انہوںنے کہاکہ انتہائی درجہ کی لاپرواہی ہے کہ 2014میں تباہ ہوئے پل کو آج تک تعمیر نہیں کیاجاسکاجس کی وجہ سے لگ بھگ پندرہ ہزار کی آبادی متاثر ہورہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انہوںنے اس سلسلے میں دفاتر کے کئی چکر کاٹے لیکن ہر بار یہی جواب ملا کہ ٹینڈر کا طریقہ کاراختتام پر ہے اور بہت جلد کام شروع ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہرروزسینکڑوں افراداور سکولی بچے دریاکے بیچ سے گزر کر آتے جاتے ہیں ۔احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او راجوری سدھانشو ورما اور انسپکٹر اجے چب موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی لیکن مظاہرین نے ان کی ایک نہ سنی اور واضح کیاکہ کام شروع ہونے تک وہ یہیںبیٹھے رہیںگے ۔ لگ بھگ ڈھائی گھنٹے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ممتاز علی اور ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف وہاں پہنچے اور انہوںنے بتایاکہ ایک ہفتے کے اندر ٹینڈر کا طریقہ کار مکمل ہوجائے گاجبکیہ پندرہ دنوں میں کام شروع کردیاجائے گا۔اسی یقین دہانی پر لوگوں نے دھرنا ختم کیا اور گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔