سرینگر // محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا ہے کہ بارشوں سے کسی بڑے سیلاب کا کوئی بھی خطرہ نہیں ہے البتہ کئی ایک نزدیکی علاقے زیر آب آسکتے ہیں ۔انہوں نے آج سے موسم میں بہتری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں یکم سے2جولائی کے بیچ پھر سے بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے سے ہی یہ امکان ظاہر کیا تھا کہ وادی میں 27 سے 29جون تک درمیانہ سے بھاری درجہ کی بارشیں ہوں گی ۔سونم لوٹس نے بتایاکہ2014جیسی سیلابی صورتحال کافی الوقت خطرہ نظرنہیں آتا۔اس دوران محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کو شام دیر گئے تک کرناگ میں 96ملی میٹر بارش ہوئی ۔قاضی گنڈ میں 80ملی میٹر ،اور سرینگر میں 39ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں بہت کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ، گلمرگ میں 6ملی میٹر اور کپوارہ میں صرف3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔