سرینگر//ریاست جموں وکشمیر کے20 ہنر یافتہ نوجوان انڈیا سکل کمپٹیشن۔2018 کیلئے منتخب کئے گئے ہیں۔ اس بات کا اظہاراعلیٰ و تکنیکی تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے یہاں کیا۔اس سے قبل وزیر نے ریجنل سطح کے سکل کمپی ٹیشن میں شریک ہونے والے اُمیدواروں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔شرکاء اُمیدوار قومی سطح کے مقابلے میں حصہ لیں گے جو جولائی2018 میں منعقد ہوگا۔ اس کے بعد یہ اُمیدوار ورلڈ سکلز کمپی ٹیشن۔ روس 2019 میں شرکت کریں گے۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے اس سلسلے میں ریاست میں ایک دو روزہ سکل اور انٹرپرنیور شِپ کنکلیو منعقد کیا جس کا نام تلاش رکھا گیا تھا ۔ انہوں نے جے کے ایس ڈی ایم کی ان کوششوں کو سراہا جو انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور ان کے اندر ہُنر کی نشاندہی کرنے کے لئے انجام دیں۔مولوی عمران رضا نے کہا کہ حکومت آئی ٹی آئیزاور سکل سے وابستہ دیگر اقدامات کو فروغ دینے پر غورکر رہی ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے سامنے ایک بڑا چیلنج اور حکومت گریجویشن، ماسٹرز اور ڈاکٹوریل سطحوں پر طُلاب کو مختلف ہُنروں سے جانکاری فراہم کرنے جارہی ہے۔مشن ڈائریکٹر جے کے سکل مشن ڈاکٹر پیر غلام نبی سہیل کے مطابق ریاست کے طُلاب کی ایک ٹیم لکھنؤ اُتر پردیش میں منعقد ہونے والے ریجنل سطح کے سکل مقابلوں میں حصہ لے گی جو ورلڈ سکلز انڈیا کے تحت31 مئی سے2 جون2018 تک منعقد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے علاوہ اس مقابلہ میں یو پی، اترا کھنڈ، چنڈی گڑھ اور پنجاب بھی حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں باصلاحیت پائے جانے والے نوجوانوں کو روس میں منعقدہ ورلڈ سکلز کمپی ٹیشن میں حصہ لینے کے لئے بھیجا جائے گا جو سال2019 میں منعقد ہوگا۔