جموں// جموں میں بین الاقوامی سرحد پر تناؤ کی صورتحال ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہی۔ آر ایس پورہ اور رام گڑھ سیکٹر میں گذشتہ رات سرحد پار پاکستان کی طرف سے ایک بار پھر بلا اشتعال شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 عام شہری اور سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے 2 جوان زخمی ہوگئے۔ پاکستانی رینجرز کی جانب سے ہلکے و خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کے علاوہ مارٹر گولے بھی داغے گئے۔ پولیس کے مطابق پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں 3 عام شہری اور بی ایس ایف کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے‘۔ بی ایس ایف ترجمان نے بتایا ’پاکستانی رینجرز نے گذشتہ رات قریب ساڑھے دس بجے ارنیہ سیکٹر میں اچانک بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر شلنگ شروع کی‘۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بی ایس ایف کی چوکیوں پر فائرنگ کی گئی۔ ترجمان نے بتایا ’پاکستان کی جانب سے 20 سے زیادہ سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ طرفین کے مابین گولہ باری کا سلسلہ ہفتہ کی صبح پانچ بجے تک جاری رہا‘۔آر ایس پورہ سیکٹر میں زخمی ہوئے تین شہریوں کو فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ارنیا سیکٹر کے تریواہ نامی گائوں میں بھی ایک شہری مضروب ہوا۔بی ایس ایف کے دو اہلکار رام گڑھ سیکٹر میں سرحد پار کی فائرنگ سے معمولی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب پونچھ میں بھی لائن آف کنٹرول پر گولی باری کا تازہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک8سالہ معصوم بچے کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔آر ایس پورہ، ارنیا اور رام گڑھ سیکٹروں میںگولی باری سے درجنوں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔ بین الاقوامی سرحد پر سرحد پار سے مسلسل گولہ باری کے پیش نظر قریب ایک ہزار سرحدی دیہاتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔