اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے خوبصورت و دلکش مقامات میں شامل بھال پدری میں رواں ماہ کی 20 تاریخ کو بھلیسہ میلہ منعقد ہو گا. ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے تقریباً 80 کلومیٹر کی دوری پر واقع بھال پدری بھدرواہ و بھلیسہ کے درمیان میں واقع ہے. سر سبز و شاداب جنگلات کے درمیان پائی جانے والی یہ وادی وادی چناب کے خوبصورت و دلکش مقامات میں سے ایک ہے. پروگرام کے منتظم و چیئرمین ایجوکیشنل اینوائرمنٹل سوشل سپورٹس و کلچرل سوسائٹی بھلیسہ محمد ایوب زرگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھلیسہ میلہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا پروگرام ہے جس میں علاقہ کی تہذیب، تمدن، ثقافت و یہاں کے رہن سہن و روائتی بھائی چارہ و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ باہر سے سیاح ان پہاڑوں کا رخ کر کے یہاں کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں اور بے روزگار نوجوانوں و مزدور پیشہ افراد کے لئے روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں. انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کی 20 تاریخ کو ضلع و سب ڈویژنل انتظامیہ، محکمہ سیاحت و سیول سوسائٹی کے اشتراک سے بھلیسہ میلہ بھال پدری کے مقام پر منعقد ہو گا. انہوں نے کہا کہ اس میلہ میں سماج کے ہر طبقہ کے لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے اور کئی دیگر اہم شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے. انہوں نے وادی چناب کی عوام سے گذارش کی کہ وہ اس میلے میں شرکت کرکے قدرتی حسن کا نظارہ کریں.زرگر نے کہا علاقہ بھلیس میں درجنوں ایسے دلکش مقامات ہیں جنہیں سیاحتی نقشہ پر لانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے بھلیسہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا قیام ناگزیر بن گیا ہے. انہوں نے کہا کہ وہ کے لئے ایک منظم مہم چلائیں گے تاکہ اس خطہ کی پسماندگی کو دور کرنے و نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرنے میں آسانی ہو سکے. سیول سوسائٹی و بھلیسہ ڈیولپمنٹ فورم نے کوٹا ٹاپ جطوطہ، گاشر ٹاپ پنگل و میہاڈ چلی میں بھی اسی قسم کے میلے منعقد کرنے کی انتظامیہ سے مانگ کی ہے.