نئی دہلی//حکومت نے راجیہ سبھا میں کہا کہ 2000 روپے کا نوٹ بند کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے ایوان میں کہا کہ دو ہزار روپے کا نوٹ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ اس سے پہلے سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس چل رہا ہے اور روایت کے مطابق حکومت کو اہم فیصلے کا اعلان پارلیمنٹ میں کرناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے مطابق حکومت نے ریزرو بینک کو دو ہزار روپے کے نوٹ کی پرنٹنگ بند کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر جیٹلی کو اس کی وضاحت کرنی چاہئے ۔اس پر مسٹر کورئین نے کہا کہ یہ نظام کا سوال نہیں ہے اور اس معاملے کو ایوان میں اٹھانے کی اجازت نہیں ہے ۔اس دوران ایوان میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ یہ سنگین معاملہ ہے ۔ دو ہزار روپے کے نوٹ پر قیاس آرائی چل رہی ہے ۔ مارکیٹ میں بہانے بنا کر دو ہزار روپے کا نوٹ لینے سے انکار کیا جا رہا ہے ۔حکومت کو جواب دینا چاہئے ۔ مسٹر کورئین نے بھی اس پر جواب دینے کو کہا۔ اس کے بعد مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔مسٹر آزاد نے کہا کہ حکومت کو واضح طورپر جواب دینا چاہئے ۔ بازار میں ایک ہزار روپے ، پانچ سو روپے اور دو سو روپے کے سکے لانے کی بھی قیاس آرائی کی جارہی ہے ۔ اس پر مسٹر جیٹلی نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔یو این آئی