سرینگر//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سرینگر اور اننت ناگ کی پارلیمانی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ دونوںنشستوں پربالترتیب 9اور12اپریل کو انتخابات منعقدہونگے جبکہ ووٹوں کی گنتی15اپریل کو ہوگی۔ اننت ناگ(جنوبی کشمیر) کی پارلیمانی نشست، گزشتہ برس اُس وقت خالی ہوگئی جب اس نشست سے کامیاب امیدوار اورموجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔محبوبہ مفتی نے اننت ناگ پارلیمانی نشست پرقریب 65ہزار ووٹوں کی سبقت لیکر چنائو جیتا تھا۔اننت ناگ پارلیمانی نشست میں جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، کولگام، پلوامہ اور شوپیان آتے ہیں۔سرینگر کی پارلیمانی نشست سابق پی ڈی پی لیڈر طارق حمید قرہ کے پارٹی کی بنیادی رُکنیت اور رکن پارلیمان کے عہدے سے گزشتہ برس ہی مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔واضح رہے کہ قرہ نے بعد میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔طارق حمید قرہ نے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو قریب32ہزارو ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔سرینگر پارلیمانی حلقہ میں سرینگر، بڈگام اور گاندربل کے اضلاع آتے ہیں۔جمعرات کو الیکشن کمیشن آف انڈیانے دونوں پارلیمانی حلقوں پر ضمنی الیکشن کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان کیا جس کے مطابق سرینگر کی پارلیمانی نشست پر9اپریل جبکہ اننت ناگ کی سیٹ پر12اپریل کو ضمنی الیکشن کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے اور ان کی گنتی15اپریل کو انجام دی جائے گی۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق اننت ناگ پارلیمانی نشست کیلئے نوٹیفکیشن 17مارچ2017بروز جمعہ کو جاری کی جائیگی۔ اس نشست کیلئے خواہشمند امیدوار 24مارچ 2017 تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال27مارچ کو عمل میں لائی جائے گی اورخواہش مند امیدوار 29مارچ تک اپنے کاغذات واپس لے سکتے ہیں ۔سرینگر پارلیمانی انتخاب کیلئے نوٹفیکشن 14مارچ 2017منگل کو جاری کی جائیگی۔اس نشست کیلئے خواہشمند اُمیدوار 14مارچ کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں ۔کاغذات کی جانچ پڑتال 22مارچ کو عمل میں لائی جائے گی ۔خواہشمند اُمیدوار24مارچ تک اپنے کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔سرینگر میںووٹنگ 9اپریل کو ہوگی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرینگر اور اسلام آباد پارلیمانی نشستوں کیلئے 14اور17مارچ کو نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد جنوبی اور وسطی کشمیر کے 7اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہوجائے گا ۔