بارہمولہ //سرحدی قصبہ اوڑی کے گل ہٹہ سیکٹر میںجمعہ کومارے گئے دو عمر رسیدہ جنگجوئوں کی لاشوں کو پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے بارہمولہ کے مضافاتی علاقے گانٹہ مولہ میں سپرد خاک کیا ۔تاہم مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کافی معمر رسیدہ تھے اوراُن کی عمر سے یہ نہیں لگتا تھا کہ وہ جنگجو ہو سکتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے26برسوں کے دوران پہلی بار اتنے عمر رسیدہ افراد کو جنگجو قرار دیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ دونوں لاشوں کو رات کے اندھیر میں دفنایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اُن دونوں جنگجو ئوںکی عمر 70اور 80سال کی درمیان ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے اُن کے جنگجو ہونے پرشکوک و شبہات پیدا ہونا یقینی ہے۔انہوں نے واقع کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں لاشوں کو اُنہوں نے پچھلے ہفتے ہندوارہ میں مارے دو جنگجوئوں کیلئے تیار کی گئی قبروں میںدفن کیا جو تقریباً ایک ہفتے سے کھلی پڑی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ اس قبرستان میں پہلے سے تین درجن کے قریب غیر ملکی جنگجو دفن ہیں جو فورسز کے مطابق وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میںجھڑپوں میں پچھلے دو سال کے دوران مارے گئے ہیں ۔