سرینگر//ریاستی پولیس کے دو اہلکاروں نے دنیا کی سب سے بلند چوٹی مائونٹ ایوریسٹ کو سر کیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ،ریاستی گورنر اور پولیس کے ریاستی سربراہ نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ کانسٹبل نذیر احمد اور کانسٹبل فلیل سنگھ، اس کل ہند پولیس سپورٹس کنٹرول بورڈ کے11رکنی ٹیم کا حصہ تھے،جنہوں نے مائونٹ ایوریسٹ کو سر کیا۔مرکزی وزیر داخلہ نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر اپنا پیغام تحریر کرتے ہوئے کہا’’،کل ہند پولیس سپورٹس کنٹرول بورڈ کے11رکنی ٹیم کو کامیابی کے ساتھ مائونٹ ایوریسٹ سر کرنے پر مبارکباد‘‘۔انہوں نے ان اہلکاروں کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انکے روشن مستقبل کی توقع ظاہر کی ہے۔ریاستی گورنر ایس پی ملک،گورنر کے صلاح کار کے وجے کمار،ریاستی چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرمنیم،ریاستی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس آرمڈ سید جاوید مجتبیٰ گیلانی اور دیگر انتظامی افسران نے بھی پولیس اہلکاروں کو کامیابی کے ساتھ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے پر اپنی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس محکمہ کیلئے یہ فخر کے لمحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اپنے اہلکاروں اور سیول سوسائٹی کو ہر ایک موقع پیش کرتی ہے،کہ وہ کسی بھی کھیل کے میدان میں اپنے اہداف کو پورا کریں،تاکہ وہ ملک،ریاست اور خود کا نام روشن کرسکیں۔سنیئر گریڈ کانسٹبل نذیر احمد سرحدی ضلع کپوارہ سے تعلق رکھتے ہیں،اور فی الوقت وہ جموں کشمیر آرمڈ پولیس کی14ویں بٹالین میں تعینات ہیں،جبکہ فلیل سنگھ راجوری سے تعلق رکھتے ہیں اور آئی آر پی کی پہلی بٹالین میں تعینات ہیں۔ دونوں اہلکاروں کو ابتدائی تربیت2004میں جواہر لال انسٹی چیوٹ آف مونٹینرنگ اینڈ وینٹر سپورٹس(جواہر لال نعرہ انسٹی چیوٹ برائے کوہ پیمائی و سرمائی کھیل) پہلگام میں دی گئی ،جبکہ وہ اپنی ذمہ داریاں ریاستی پولیس کی کوہ پیمائی بچائو ٹیم میں انجام دے رہے ہیں۔اس سے قبل ریاستی پولیس کے سب انسپکٹر رام سنگھ نے2008میں دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی کو سر کیا تھا۔