محمد تسکین +عاصف بٹ
بانہال+کشتواڑ// اتوار کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ڈھلواس پولیس تھانہ چندر کوٹ کی حدود میں دو ٹرکوں کی آپسی ٹکر کے نتیجے میں ایک ٹرک ڈرائیور کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی ہے جبکہ اس حادثے میں دو مزید ٹرک سوار شدید زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ضلع ہسپتال رام بن منتقیل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈھلواس کے علاقے میں دو مال بردار ٹرکوں کے آمنے سامنے کی ٹکر کے نتیجے میں ایک ٹرک سڑک کی پچھلی طرف الٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں ایک ٹرک ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہیں اور ضلع ہسپتال رامبن میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے ڈرائیور کی شناخت فیروز احمد ساکنہ ریاست اترپردیش کے طور کی یے اور وہ موقع پر جاں بحق ہوا۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کچھ وقت کیلئے متاثر رہی اور بعد میں حادثے کا شکار ہوئی گاڑیوں کو سڑک سے ایک طرف ہٹا کر شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا گیا۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن چندر کوٹ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ادھرضلع کشتواڑ کے مصروف ترین شہیدی چوک میں اتوار کی صبح پیش آنے والے ہٹ اینڈ رن حادثے میں ایک سی آر پی ایف کا جوان موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ ایک رکشا ڈرائیور شدید زخمی ہوا۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ صبح تقریباً ساڑھے دس بجے پیش آیا جب ایک تیز رفتار سکارپیو گاڑی نے ای رکشا کو ٹکر ماری۔حادثے کے نتیجے میں راہ چلتے سی آر پی ایف جوان، جس کی شناخت راج کمار ولد جگدیش راج ساکن کٹھوعہ کے طور پر ہوئی ،موقعہ پر ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی رکشا ڈرائیور توقیر احمد ولد فاروق احمد ساکن سیمنہ کالونی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK17A-8111حادثے کے بعد موقعہ سے فرار ہوگیا جسکے بعد پولیس نے اسے پکڑنے کیلئےٹیمیں تشکیل دیں جبکہ ڈارئیور نے کئی گھنٹے بعد پولیس کے سامنے خودسپردگی کی ۔ پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس تھانہ کشتواڑ میںمقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی کمرشل و نان کمرشل نمبر پلیٹ کا استعمال کرتی تھی جسکی تحقیقات کی جاری ہے ۔