عظمیٰ نیوزسروس
ریاسی// ست شرما،صدر جموں و کشمیر بی جے پی نے جنرل سکریٹری اور ایم ایل اے ڈاکٹر دیویندر کمار منیال، ضلع صدر اور مقامی ایم ایل اے کے ساتھ کٹرہ،ریاسی ضلع میں ایک ضلعی سطحی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں 19اپریل کو کرکٹ سٹیڈیم، کٹرہ میں ہونے والی وزیر اعظم نریندر مودی کی آنے والی ریلی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ست شرما نے میٹنگ میں وزیر اعظم کی ریلی میں پارٹی کارکنوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 19اپریل کو پی ایم مودی کشمیر کے لیے ٹرین سروس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے، جو علاقائی رابطے میں ایک اہم قدم ہے، اس کے بعد ایک عظیم ریلی میں عوام سے خطاب کریں گے۔ست شرما نے تمام ضلع اور منڈل سطح کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بھی عام لوگوں کی مدد کریں، اگر ضرورت ہو تو، پنڈال تک پہنچنے میں۔انکاکہناتھا’’ریلی میں شرکت کرنے والے کسی بھی شہری کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا چاہئے‘‘۔انہوں نے ٹیموں پر زور دیا کہ وہ پی ایم نریندر مودی کو سننے کے لیے آنے والے لوگوں کی ہر طرح کی مدد کریں۔انہوں نے رکاوٹوں سے بچنے کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ تال میل پر بھی زور دیا اور ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ بوتھ لیول کے کارکنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ ریلی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈاکٹر دیویندر کمار منیال نے کہا کہ پارٹی کیڈر کو بڑی تعداد میں ریلی کے مقام پر پہنچ کر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ انہوں نے جموں و کشمیر کو ترقی، عوامی بہبود، رابطے کے جدید ذرائع اور مواصلات کے شعبوں میں کیا دیا ہے۔میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے بلدیو شرما اور کلدیپ دوبے اور ضلع صدر روہت دوبے نے وزیر اعظم مودی کے استقبال کے لیے ضلع ریاسی اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کے جوش و خروش کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلی صرف ایک تقریب نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے، کیونکہ پی ایم مودی کشمیر کو جوڑنے والے ایک اہم ریلوے سنگ میل کا بھی افتتاح کریں گے۔