سرینگر// وزیر خزانہ سید الطاف بخاری نے ہڑتالی ٹھیکیداروں کو 17 مارچ کو میٹنگ کیلئے طلب کیا ہے،جس کے بعد سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے18دن بعد ہڑتال کو پیر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔اس دوران پولیس نے ٹھیکیداروں کی انجینئرنگ کمپلیکس کو مقفل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بیسوں ٹھیکیداروں کو حراست میں لیا۔سرکار کے پاس750کروڑ روپے کے واجب الادا رقومات کی ادائیگی میں تاخیر اور آن لائن ادائیگی کے خلاف گزشتہ18دنوں سے ٹھیکیداروں کی طرف سے جاری ہڑتال اور ٹینڈروں کے بائیکاٹ کے بیچ نئے وزیر خزانہ نے جمعہ کو پہل کرتے ہوئے ٹھیکیداروں کے مشترکہ اتحاد سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کو سنیچر کے روز میٹنگ کیلئے طلب کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سید الطاف بخاری نے جمعہ کے روزکارڈی نیشن کمیٹی کے ذمہ داروں سے رابطہ قائم کیا،اور انہیں سنیچر کے روز ایس کے آئی سی سی میں11بجے میٹنگ کیلئے طلب کیا،جبکہ اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سنیچر کو منعقد ہونے والی میٹنگ کے دوران تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈارنے میٹنگ میں شامل ہونے اور متعلقہ وزیر کی طرف سئے دعوت دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وزیر خزانہ سید الطاف بخاری نے یقین دہانی کرائی ہے،جس کی بنیاد پر انہوں نے فی الحال اپنی ہڑتال پیر تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل ٹھیکیداروں کے ایک دھڑے اور میگڈم پلانٹ مالکان نے گزشتہ روز جموں میں وزیر خزانہ کے ساتھ میٹنگ کر کے تالہ بند ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔سید الطاف بخاری نے وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے کے پہلے ہی روز آن لائن ادائیگی بلنگ نظام کو31مارچ تک التواء میں رکھنے کا حکم صادر کیا تھا۔اس دوران جمعہ کو پولیس نے راجباغ میں واقعہ چیف انجینئرنگ کمپلیکس کے باہر اس وقت متعدد ٹھیکیداروں کو حراست میں لیا،جب وہ کمپلیکس میں داخل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ٹھیکیداروں نے سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے جھنڈے تلے گزشتہ3دنوں سے چیف انجینئرنگ کمپلیکس پر تالہ چڑھایا تھا،اور دھرنے پر بیٹھے تھے،تاہم جمعہ کو جب وہ پھر سے مذکورہ دفتر کے احاطے میں جمع ہونے کی کوشش کر رہے تھے،تو پولیس وہاں پر نمودار ہوئی،اور ٹھیکیداروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔اس موقعہ پر پولیس نے ڈار سمیت درجنوں ٹھکیداروں کو گاڑیوں میں بھر کر راجباغ تھانہ پہنچایا۔ادھر بعد میں مذکورہ دفتر کے باہر ایک مرتبہ پھر ٹھیکیدار جمع ہوئے اور احتجاج کرنے لگے،جبکہ پولیس نے حرکت میں آکر انہیں بھی گرفتار کیا ۔ دن بھرقریب100 ٹھیکیداروں کو حراست میں لیا جن میں کارڈی نیشن کے صدر حاجی محمد اکبر پال،چیف آرگنائزر حاجی نذیر احمد زرگر، شیخ باغ کارڈی نیشن کمیٹی کے تصدق حسین لاوئے،سنیئر ٹریڈ یونین لیڈر حاجی نثار،جاوید احمد زرگر،اشفاق احمد خان، محمد اشرف نجار سمیت دیگر اضلاع کے صدور بھی شامل ہیں۔