سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے کولگام قاضی گنڈمیں پانچ جنگجوئوں اور ایک عام شہری جاں بحق اور بیسیوں افراد کو شدید زخمی کئے جانے کیخلاف سوموار 17؍ستمبر کو مکمل ہڑتال کرنے اور آج16؍ستمبر اتوار بعد نماز ظہرجاں بحق افراد کے حق میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔مزاحمتی قیادت نے حریت پسند سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو پولیس ٹاسک فورس کی طرف سے کیمپوں پر بُلائے جانے کے لئے دھمکی آمیز فون کالز کو استعمال کئے جانے کی سفاکانہ کارروائی پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح بھارت کی انتظامیہ پُرامن سیاسی سرگرمیوں کو آہنی ہاتھوں سے دبانے کی ضد پر اُتر آیا ہے۔ مزاحمتی قیادت نے کارگو سرینگر، اسلام آباد، بارہ مولہ، بڈگام، بانڈی پورہ، کولگام، شوپیان وغیرہ اضلاع میں پولیس ٹاسک فورس اور ملٹری انٹلی جنس کی طرف سے سیاسی کارکنوں کو خوف زدہ کئے جانے کی بزدلانہ کارروائیاں کررہی ہیں۔مزاحمتی قیادت نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے پولیس ٹاسک فورس اور ملٹری انٹلی جنس کو حریت راہنماؤں کی پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر روک لگانے کیلئے استعمال میں لارہی ہے۔ قائدین نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر ان کارروائیوں پر فوری طور روک نہیں لگائی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔