سرینگر//جموں وکشمیرمیں ابھی تک 16 لاکھ79ہزار افراد کو اقامتی اسناد جاری کی گئی ہیں۔ مرکزی وزیرمملکت برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی نے لوک سبھا میں یہ جانکاری دی ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر حکومت کی طرف سے موصول اعدادوشمار کے مطابق کل 21 لاکھ13 ہزار879 لوگوں نے اقامتی اسناد کیلئے درخواستیں دی ہیں۔لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 16 لاکھ 79 ہزار 789 لوگوں کو ابھی تک یہ اسناد فراہم کی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1,21,630 درخواستوں کو نامکمل دستایزات ساتھ ہونے کی بنا پردرکیاگیا ہے ۔ریڈی نے کہا کہ جموں کشمیر اقامتی اسناد کی فراہمی کے ضابط 2020کے مطابق درخواست کے ساتھ کئی دستاویزات کا ساتھ رکھنا لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن درخواستوں کے ساتھ متعلقہ دستاویزات نہیں تھیں ،انہیں ردکیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرکے پرویژنل ری ہیبلٹیشن افسر کے مطابق1971کی ہندپاک جنگ کے دوران چھمب سیکٹر میں6565گھرانے مہاجردرج ہوئے تھے۔ انہو ں نے کہا کہ ان کنبوں کے لئے 4ایکڑآبپاشی یا6ایکڑ بغیرآبپاشی کے اراضی الاٹ کی گئی ہے ۔اس کے علاوہ ہر کنبے کو75ہزارروپے کی مالی مدد بھی دی گئی ۔ریڈی نے کہا کہ1947کی ہندپاک جنگ کے دوران پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے31619کنبے ترک سکونت کرگئے جن میں سے26319کنبے سابق ریاست جموں کشمیرمیں رجسٹر ہوکرآباد ہوئے۔انہوں نے کہا کہ5300کنبے ملک کے دیگر حصوں میں بس گئے۔