سری نگر// 03 جنوری 2022 سے شروع ہونے والے 15سے17 سال کی عمر کے نوجوانوں کو کوویڈ19 سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کے حوالے سے حالیہ حکومتی اعلان کے تناظر میںڈپٹی کمشنر سری نگر نے بدھ کو انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اجلاس میں مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن چوہدری محمد یاسین بھی موجود تھے۔میٹنگ میں 15 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کو ٹیکہ لگانے کے لیے ایک ہموار طریقہ کار وضع کرنے کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔ڈی سی نے چیف ایجوکیشن آفیسر، زیڈ ای اوز، پرنسپلوںاورہیڈ ماسٹروں سے کہا کہ وہ سری نگر کے اسکولوں میں داخل طلباء کی سکول وار تفصیلات جمع کرائیں۔ڈی سی نے ٹارگٹ گروپ کو ٹیکہ لگانے کے لیے مراکزکے تعین کے حوالے سے شیڈول نوٹیفکیشن تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈی سی نے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے تعلیم، صحت اور مال کے محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔مشن ڈائریکٹر NHM نیمیٹنگ میں ٹیکہ کاری کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے وضع کردہ پلان کے بارے میں بتایا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آیوشمان بھارت صحت اسکیم کے تحت طلباء کو گولڈن کارڈ فراہم کرنے کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی ٹیکہ کاری مراکزپر منعقد کیا جائے گا تاکہ وہ اس اسکیم کے تحت فوائد حاصل کرسکیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سری نگر گلزار احمد، چیف پلاننگ آفیسر،ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس، تمام تحصیلدار ،زونل میڈیکل آفیسرز زونل ایجوکیشن آفیسر، مختلف سرکاری اسکولوں کے سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔