سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ریاست بھر میں یوم آزادی منانے کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل پولیس، ڈویثرنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی سی آئی ڈی جے اینڈ کے، آئی جی پی کشمیر، آئی جی پی سیکورٹی اور دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ڈویثرنل کمشنر جموں،آئی جی پی جموں رینج، رینج ڈی آئی جیز اور ریاست کے22 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ڈی ایس پیز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میں شرکت کی۔ چوں کہ یوم آزادی کی فُل ڈریس ریہرسل13 اگست کو ہوگی، چیف سیکرٹری نے سول اور پولیس انتظامیہ کو ریاست بھر میں تمام مقامات پر یوم آزادی کے پروگراموں کے لئے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی پُر وقار تقریب تمام تر حفاظتی انتظامات سمیت یقینی بنائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یوم آزادی تقریبات میں شرکت کرنے کے لئے تمام سہولیات بہم رکھی جانی چاہئیں۔ ڈویثرنل کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور ڈی ایس پیز نے چیف سیکرٹری کو اپنے متعلقہ علاقوں میں 15 اگست کو منائی جارہی یوم آزادی کی تقریبات کے لئے لاجسٹک اور دیگر تیاریوں کی تفصیل دی۔ چیف سیکرٹری کو مطلع کیا گیا کہ تقاریب کے مقامات اور اس کے گرد و نواح میں ٹرانسپورٹ، پارکنگ، پینے کے پانی، بجلی، طبی سہولیات اور فائیر اینڈ ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی کے علاوہ عمارتوںاور اہم بازاروں میں چراغاں کے لئے تمام تیاریاں کی گئی ہیں۔