طلاب کو ماہانہ وظیفہ اور اساتذہ کومعاوضہ دیا جائے گا
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموںوکشمیر نے ’ چیف منسٹرز سکیم فار اِنٹروڈِکشن آف ہیرٹیج کورسز ‘ کو منظور ی دی ہے جس کا مقصد جموںوکشمیر کے روایتی ہنر کو محفوظ بنانا اور اسے منظم پیشہ ورانہ تعلیم کے ذریعے فروغ دینا ہے ۔محکمہ سکل ڈیولپمنٹ کی طرف سے جاری کردہ سرکاری حکمنامے کے مطابق جموںوکشمیر میں 15 سرکاری آئی ٹی آئی اور پولی تیکنکوںمیں 500 طلبأ 20 طلبأ فی یونٹ کی کل انٹیک صلاحیت کے ساتھ 25 یونٹوں میں سات ہیرٹیج کرافٹ کورسز کو جاری رکھنے اور بحال کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ سکیم کے تحت ان کورسوں میں داخل طلبأ کو ماہانہ 1,000 روپے وظیفہ دیا جائے گا جبکہ تھیوری اور پریکٹیکل کلاسز دینے والے اساتذہ کو بالترتیب ماہانہ 15,000 اور 12,000 روپے معاوضہ دیا جائے گا۔اِس اَقدام کی منظوری وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ کی صدارت میں کابینہ میٹنگ میں وزرأ کونسل نے 15 ؍اکتوبر 2025 ء کو دی تھی۔ اس فیصلے سے حکومت کی روایتی ہنر کی حفاظت، نوجوانوں کو ہیرٹیج سے منسلک روزگار میں شامل کرنے اور مقامی دستکاریوں کو جدید ہنرمندی کی ترقی کے فریم ورک میں ضم کرنے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سکیم کے خدوخال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اَقدام جموں و کشمیر کی صدیوں پرانی دستکاری کو محفوظ رکھنے کے ساتھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوںنے کہا،’’ہماری ہیرٹیج دستکاری نہ صرف ہماری ثقافتی شناخت کی عکاسی کرتی ہے بلکہ باوقار معاش کا بھی ذریعہ ہے۔ یہ اقدام روایت اور مواقع کے درمیان ایک پُل کا کام کرے گا۔‘‘