سرینگر// ڈپٹی کمشنر سرینگر، محمد اعجاز اسد نے کل 140 کلو میٹر طویل سرینگر سیوریج منصوبے پر جاری کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور اس منصوبے کی تکمیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔میٹنگ میں علمگری بازار میں پی ایچ ای پائپوں کی بحالی ، 90 فٹ روڈ صورہ میں16 دکانوں کو منتقل کرنے اور ان لائن اور آؤٹ فال پمپ اسٹیشنوں کو منتقل کرنے کے لئے اقدامات کے علاوہ مختلف مقامات پر گھروں کو کنکشن کی فراہمی کیلئے سڑک کاٹنے کی اجازت ناموں سمیت مختلف پہلوؤں پر موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈی سی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لئے قومی عمارتوں کی تعمیراتی کارپوریشن (این بی سی سی) کی سہولت کے لئے کاموں کو تیز تر کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں۔اس موقع پر ڈی سی کو بتایا گیا کہ شہری تجدید مشن سکیم کے تحت سری نگر کے زون III میں 155 کور سیوریج پروجیکٹ سے پائین شہر میں 140 کلو میٹر طویل سیوریج نیٹ ورک قائم کرنے کیاجارہا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ سری نگر شہر کے 140 کلو میٹر طویل سیوریج نیٹ ورک میں سے 133 کلو میٹر پر کام پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے اور باقی 7 کلومیٹر جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ کل 16130 گھریلو کنکشن میں سے سری نگر میں 5306 گھروں کا احاطہ کیا گیا ہے اور ہدف ستمبر 2021 تک مکمل طور پر حاصل کرلیا جائے گا۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر ، پی ایچ ای ، یو ای ای ڈی ، ایس ایم سی اور این بی سی سی کے افسران نے شرکت کی۔