جموں// محکمہ سیاحت سے وابستہ گالف کھلاڑیوں نے جموں کے سدھرا میںکھیلے گئے’’14ویں گریٹر کشمیر انویٹیشنل گالف ٹورنامنٹ‘‘کو اپنے نام کیا۔ اس مقابلے میں کل 106گالف کھلاڑیوں نے شرکت کی۔آکاش بھلہ نے ’’پن شاٹ سے نزدیکی‘‘ کی ٹرافی جیت لی، جبکہ ونے گپتا نے’’ اسٹریٹ ڈرائیو‘‘، آری ہنت بھردواج نے ’’لانگسٹ ڈرائیو‘‘ اور درہو مہاجن و عمر گنائی نے ’’ہائسٹ مارجن‘‘ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔اس موقعہ پر احتساب کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) بشیر احمد خان نے محکمہ سیاحت کی گالف ٹیم کے کپتان مانو گپتا کو جیت کی ٹرافی پیش کی۔ تقریب پر جموں کشمیر بنک کے چیئرمین پرویز احمد ،ممتاز گروپ آف ہوٹلز کے چیئرمین مشتاق احمد چایا، 92.7ایف ایم کے وکرانت شرما اور جے کے چینل کے نمائندوں کو اعزازی ٹرافیوں کے ساتھ نوازا گیا۔اس سے قبل پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر اور وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے رسمی شاٹ کھیلتے ہوئے مقابلے کی شرعات کی، جبکہ انہوں نے جموں کشمیر میںگالف کو فروغ دینے کیلئے گریٹر کشمیر کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا’’ میں گریٹر کشمیر کو مبارکباد پیش دیتا ہوں کہ انہوں نے گلمرگ،پہلگام،سرینگر اور جموں میں گالف کو فروغ دیا، جبکہ جموں کشمیر گالف کھلاڑیوں کی پسندیدہ جگہ میں تبدیل ہو رہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرینگر میں طلاب کیلئے گالف سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے،اور اسی طرح کی سرگرمیوں کا سلسلہ جموں کے طلاب کیلئے بھی شروع کیا جائے گا۔تقریب پر جموں کشمیر بنک کے چیئرمین پرویز احمد نے کہا’’ ریاست میں گالف کھیل کیلئے کافی امکانات موجود ہیں اور ہم گریٹر کشمیر کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہیں کہ وادی کے علاوہ انہوں نے جموں میںبھی اس طرح کے گالف مقابلوں کا انعقاد کیا‘‘۔ سیکریٹری ٹورازم سرمد حفیظ نے اس موقعہ پر کہا کہ گالف کھلاڑی ہر سال اس طرح کے مقابلوں کا انتظار کرتے ہیں۔انہوں نے گریٹر کشمیر کے چیف ایڈیٹر کو اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کرنے میں دلچسپی کی بھی سراہنا کی۔سرمد حفیظ کا کہنا تھا ’’اس سے ہماری حوصلہ افزائی ہوتی ہے،اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں جموں کشمیر گالف کورسوں میں ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں توی گالف کورس،پہلگام،گلمرگ اور رائل سپرنگ گالف کورس سمیت ہمارے پاس خوبصورت گالف کورسز موجود ہیں،اور یہ ملک بھر میں بہت مشہور ہیں۔انہوں نے کہا ’’ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہم بین الاقوامی گالف کھلاڑیوں کو مدعو کریں،تاکہ یہ بین الاقوامی گالف کورسوں میںتبدیل ہو‘‘۔ سرمد حفیظ نے کہا کہ جموں کشمیر بنک کی مدد سے ہم کشمیر گالف کورس کو پھر سے بحال کریں گے اور اس کا افتتاح مارچ میں کیا جائے گا۔ تقریب کے انعقاد میں دانش امان نے اپنی خدمات پیش کی تھی۔