سرینگر//سرینگر ضلعی ترقیاتی کونسل انتخابات میں کسی جماعت کوواضح اکثریت نہیں ملی ہے۔ یہاں7 آزاد اُمیدواروں نے جیت درج کرلی جبکہ گپکار الائنس کو 4، اپنی پارٹی کو3اور بھاجپا کو ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی۔ ایس کے آئی سی سی میں14ڈی ڈی سی حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعدضلع الیکشن آفیسرسرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے بتایاکہ 14رکنی ضلعی ترقیاتی کونسل سرینگر کے سبھی نتائج سامنے آگئے ہیں، جن میں سے 7 آزاد اُمیدواروں نے جیت حاصل کرلی ہے۔انتخابی نتائج کے مطابق آزاد اْمیدوارں نے سرینگر اول، قمرواری اول، قمرواری دوم، ہارون اول، دوم، چہارم اور ششم کی نشستیں حاصل کیں۔ ضلع الیکشن آفیسر سرینگر کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کے اُمیدواروں نے ہارون پنجم،کھنموہ اور سرینگر سوم کے حلقوں سے جیت درج کی جبکہ بی جے پی نے کھنموہ دوم،پی ڈی پی نے کھنموہ سوم، نیشنل کانفرنس نے ہارون سوم اور پیپلز مومنٹ نے سرینگر دوم پر جیت حاصل کرلی۔سات آزاداُمیدوار سب سے بڑا گروپ بن کرسامنے آیاہے جبکہ اپنی پارٹی نے تین حلقوں میں کامیابی حاصل کرلی۔میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کئی سیٹیں حاصل کرنے کے بعدبی جے پی نے ڈی ڈی سی انتخابات میں بھی کھاتہ کھولتے ہوئے ایک حلقے میں جیت درج کرلی ۔