سرینگر// مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بالآخر133دن بعدطویل احتجاجی ہڑتال میں دو دن کا وقفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔9جولائی سے وادی میں لگاتار ہڑتال جاری ہے اور اب تک اس میں دن بھر کسی بھی دن چھوٹ نہیں دی گئی تھی لیکن بدھ کو جو نیا احتجاجی کلینڈر جاری کیا گیا اس میں سنیچر اور اتوار کو ہڑتال میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مزاحمتی قیادت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ شعبے سے وابستہ افراد کی مشکلات مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دونوں روز پبلک ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر استعمال کریں تاکہ سماجی اور قومی ذمہ داریوں کو پورا کیا جاسکے۔طویل احتجاجی ہڑتال میں دو دن کا وقفہ دینے کا اعلان ٹرانسپورٹ طبقے کیلئے موثر اقدام سے تصور کیا جارہا ہے۔بیان کے مطابق18نومبر کو کوئی ڈھیل نہیں ہوگی جبکہ لوگوں کو ضلع ہیڈکواٹروں کی طرف چلو کی کال دی گئی ہے۔کلینڈر کے مطابق وادی کے تمام اضلاع میں متعلقہ ضلع ہیڈ کواٹروں کی طرف صبح9بجے سے مارچ کرنے کی کال دیتے ہوئے نماز جمعہ کے بعد متفقہ طور پر طے کی گئی جگہوں پر آزادی کنونشن بلانے کی اپیل کی گئی۔اس دوران رضاکار جماعتوں اور مساجدد و فلاحی کمیٹیوں کو اس سلسلے میں انتظامات کرنے کی اپیل کی گئی۔19اور20نومبر کو دو دن مکمل ڈھیل ہوگی۔21نومبرکو کوئی ڈھیل نہیں ہوگی جبکہ اس روز بھی تمام ضلع ہیڈ کواٹروں پر جمع ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔22نومبرکو بھی کوئی ڈھیل نہیں ہوگی جبکہ اس روز یوم خواتین منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقائی چوکوں،سڑکوں اور نزدیکی میدانوں پر قبضہ کر کے احتجاج کرے اور اس دوران اپنے ہاتھوں میں پلے کارڑ اور بینئر اٹھا رکھے جن پر آزادی سے متعلق پیغامات تحریر کئے جائیں۔23نومبر شام کو4بجے سے اگلی صبح7بجے تک ڈھیل ہوگی جبکہ اس روز کپوارہ سے،ماور قلم آباد،بارہمولہ سے ناروائو،بانڈی پورہ سے نوگام،بڈگام سے سرسیار،گاندربل سے ددر ہامہ،بیہامہ،سرینگر سے بٹہ مالو،پلوامہ سے کرائم آباد،شوپیاں سے کانجی اولر،کولگام سے ریڈونی اور اسلام آباد سے برنگ کی طرف چلو کی کال دی گئی ہے۔کلینڈر میں نماز ظہر کے بعد متفقہ طور پر طے کی گئی جگہوں پر آزادی اجتماعات منعقد کرنے کی اپیل کی گئی ۔24نومبر کو ہڑتال میں شام4بجے سے آئندہ صبح7بجے تک ڈھیل ہوگی۔ اس روز یک روز آزادی کنونشن منعقد کرنے کی اپیل کی گئی ہے جبکہ ایل ائو سی مارچ کے ساتھ یکجہتی کے طور پر حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں صبح11بجے سے4بجے تک ان کنونشوں کے انعقاد کرنے کی کال دی گئی۔