سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت بشمول سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے طے شدہ پروگرام کے مطابق کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر کشمیر اور کشمیر سے باہرکشمیر بیداری مہم (Kashmir awareness campaign) شروع کی گئی جو آئندہ چند روز تک جاری رہے گی۔مزاحمتی قیادت نے کشمیر اور کشمیر سے باہر رہ رہے کشمیری نژاد(Kashmir Diaspora) اور ان تمام لوگوںسے جو حقوق انسانی کے احترام میں یقین رکھتے ہیں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کشمیر کی صورتحال اور سرکاری سطح پر یہاں کے عوام پر ڈھائے جارہے مظالم اور حقوق انسانی کی پامالیوں کے حوالے سے پوری دنیا کو باخبر کیا جاسکے۔اس دوران مشترکہ مزاحمتی قیادت نے ۱۳ جولائی کے پروگرام کو حتمی شکل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز مزار شہداء نقشبند صاحب سرینگر پر ایک عظیم الشان جلسہ خراج عقیدت منعقد ہوگا جس میں مزاحمتی قائدین موجودہ تحریکی و سیاسی صورتحال پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالیں گے جبکہ مذکورہ جلسہ خراج عقیدت میں شرکت کی غرض سے سید علی گیلانی حیدر پورہ سے عوامی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے مزار شہداء سرینگر پہنچیں گے جبکہ میرواعظ عمر فاروق مرکزی جامع مسجد سرینگر سے اور محمد یاسین ملک مائسمہ لالچوک سے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے مزار شہداء سرینگر پہنچیں گے۔مزاحمتی قائدین نے کشمیر ی عوام سے مذکورہ جلسہ خراج عقیدت کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے اور اس روز ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے ۔قائدین نے کہا کہ رواں تحریک مزاحمت کو سرکاری سطح پر جو شدید مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے ایسے میں تحریک کے ساتھ بھر پور وابستگی اور استقامت حالات کا ناگزیر تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ ۱۳ جولائی کے قومی دن کے موقعہ پر پوری قوم کو اس بات کیلئے تجدید عہد کرنا ہوگا کہ شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جائیگا اور ۱۳ جولائی کے شہداء اور دوسرے ہزاروں شہدائے کشمیر نے جس عظیم نصب العین کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اُس کی تکمیل کیلئے ہماری مبنی برحق جدوجہد ہر صورت میں اور ہر سطح پر جاری رہے گی۔ادھر محاذآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے کشمیریوں کی ہمت، غیرت،صبرواستقلال کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام 1931 سے لیکر اب تک جس تسلسل کے ساتھ تشخص اور وقار کی بحالی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، وہ اپنی مثال آپ ہے۔الطاف اندرابی نے قائد تحریک اورسرپرست اعلیٰ محازآزادی محمد اعظم انقلابی کے قول کو دہرایا کہ’ ہمیں چاہئے کہ شہداء کے لہو کو زاد راہ بنائیں تاکہ ہمارے قدم نہ کہیں لڑکھڑائیں اورنہ کہیں ڈگمگائیں‘۔