عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ان عظیم قربانیوں نے ہمیں اپنے مستقبل کی سمت واضح کی ہے اور ان کے خون کا ایک ایک قطرہ ہماری خودداری، آزادی اور وقار کی ضمانت ہے‘۔ ڈاکٹر فاروق نے 13جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ شہدائے کشمیر نے شخصی راج کے خلاف جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو کہ ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔ یہ قربانیاں نہ صرف ہماری اجتماعی غیرت کا مظہر ہیں بلکہ یہ ہمیں عزم و ایثار، بے لوث خدمت اور اجتماعی بھلائی کے راستے پر چلنے کا سبق دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ان ہی قربانیوں کی کوکھ سے جنم لینے والی تحریک ہے اور اس تنظیم کے جھنڈے تلے آج بھی کشمیری عوام خودمختاری اور عزت نفس کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ فاروق عبداللہ نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دور میں جب کہ قوم کو کئی نئے چیلنجز اور مسائل درپیش ہیں، ضروری ہے کہ ہم بصیرت، استقامت اور حوصلے کے ساتھ ان کا مقابلہ کریں۔بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اتحاد، یکجہتی اور بصیرت کے ساتھ موجودہ حالات کا مقابلہ کریں اور شہدا کے مشن کو زندہ رکھیں تاکہ جموں و کشمیر ایک بار پھر خوشحالی اور انصاف کی راہ پر گامزن ہو سکے۔