غلام نبی رینہ
کنگن// وزیر اعظم نریندر مودی 13 جنوری کو سرینگرسونہ مرگ روڈ پر زیڈ مور ٹنل کا افتتاح کرنے کیلئے جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیںتاکہ سونمرگ کو ہر موسم میں سیاحتی مقام بنایا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم زوجیلا ٹنل کے پہلے حصے کا بھی افتتاح کریں گے جسے مکمل کیا جاچکا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ صوبائی کمشنر وجے کمار بدھوری، انسپکٹر جنرل پولیس اور آئی جی پی سی آر پی ایف کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس سیول افسران نے بدھ کو لگاتار دوسرے روز بھی سونہ مرگ کا دورہ کیا اور سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم 13 جنوری کو زیڈ مورٹنل کا جسمانی طور پر افتتاح کرنے کے لیے یہاں پہنچیں گے جو گگن گیر سے سونمرگ تک سڑک کو بائی پاس کرے گی جس سے سیاح اور مقامی لوگ سال بھرسونہ مرگ کا دورہ کر سکیں گے۔فی الحال، سڑک کا گگن گیر-سونہ مرگ کا حصہ بھاری برف باری اور برفانی تودے کی وجہ سے بند ہو جاتا ہے۔
زیڈ مور ٹنل تعمیر کرنے والی کمپنی کے ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی زوجیلا ٹنل کے پہلے حصے کا بھی افتتاح کریں گے جو مکمل ہوچکا ہے۔زوجیلا ٹنل پروجیکٹ کا پہلا حصہ نیلہ گراٹھ سے سربل تک اڈھائی کلو میٹرلمبی ٹنل ہے، جو مکمل ہوچکی ہے۔سربل سے 2کلو میٹر کے فاصلے کے بعد زوجیلا کی سب سے لمبی ٹنل شروع ہوتی ہے جو منی مرگ کے مقام پر نکلے گی ، جس کی لمبائی13.5کلو میٹر ہے۔معلوم ہوا ہے کہ غالباً وزیر اعظم اس پہلے حصے کا بھی افتتاح کرنے جارہے ہیں، جسے مکمل کیا گیا ہے۔ادھر ذرائع نے بتایا کہ 7اور 8 جنوری کو صوبائی کمشنر وجے کمار بدھوری نے سونہ مرگ کا دورہ کیا۔8جنوری کو انکے سا تھ آئی جی پی کشمیر، ڈی آئی جی وسطی کشمیر، آئی جی پی سی آر پی ایف، ڈی سی اور ایس ایس پی گاندربل بھی تھے۔ سونہ مرگ میں زیڈ مور ٹنل کے آس پاس برف ہٹادی گئی ہے جبکہ ٹرک یارڈ سونہ مرگ میں بھی برف ہٹانے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم کی حفاظت پر مامور سپیشل پروٹکشن گروپ(SPG) کی تعیناتی آج یعنی جمعرات 9 کو ہونے جارہی ہے۔یاد رہے کہ زیڈ مور ٹنل جموں اور کشمیر کے گاندربل ضلع میں گگن گیر اور سونمرگ کے درمیان 6.5 کلومیٹر لمبی 2 لین والی سرنگ ہے۔ اس کا نام سڑک کے Z شکل کے اس حصے کے نام پر رکھا گیا ہے ۔پہلے استعمال ہونے والی سڑک برفانی تودے کا شکار تھی اور اکثر کئی مہینوں تک بند رہتی تھی، لیکن Z-Morh سرنگ سونمرگ کے سیاحتی شہر کو ہر موسم میں رابطہ فراہم کرے گی ۔ 6.5 کلومیٹر لمبی سرنگ کا سفر کرنے میں صرف 15 منٹ لگیں گے جبکہ پہاڑیوں کے اوپر اور نیچے زگ زیگ سڑک پر گھنٹوں کے مقابلے میں منٹوں میں سفر طے ہوجائے گا۔ملحقہ زوجیلا ٹنل کے ساتھ، سرینگر-لیہہ ہائی وے پر یہ جغرافیائی لحاظ سے اہم سرنگ بالتل(امرناتھ غار)، کرگل اور لداخ کے علاقے کے دیگر مقامات کو سال بھر موسم سے محفوظ رکھنے کے لیے رابطہ فراہم کرے گی۔اس سے فوجی رسد میں بھی اضافہ ہوگا اور سیاحت اور معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ سونمرگ کو ہمہ موسمی رابطہ فراہم کرنے کے علاوہ، یہ سرنگ مقامی نوجوانوں کے روزگار میں مدد کرے گی اور علاقے میں سیاحت اور اس سے منسلک سرگرمیوں کو فروغ دے گی۔ٹنل کی تعمیر 2015 میں شروع کی گئی تھی۔ٹنل ورکرزپر 20 اکتوبر 2024 کوملی ٹینٹ حملے میںسرنگ بنانے والی انفراسٹرکچر کمپنی کے چھ غیر مقامی کارکنوں سمیت سات شہری مارے گئے۔ حملے میں ایک مقامی ڈاکٹر بھی مارا گیا۔