عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے بارہویں جماعت کے امتحان کے دوران طلبہ کو گیارہویں کا سوالیہ پرچہ تقسیم کیا گیا۔بورڈ کی جانب سے فوری کارروائی کے طور پر امتحانات ملتوی کردیئے۔ مذکورہ پرچے کا امتحان بعد یں لیا جائیگا اور اسکے لئے الگ سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔بورڈ حکام نے کہا کہ انہوں نے امتحانات کو دوبارہ شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی تاریخیں جلد جاری کی جائیں گی۔منگل کو بارہویں کے طلاب کا فزیکل ایجوکیشن کا امتحان تھا۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ 12ویں جماعت کے نصاب سے صرف دو نمبر لیے گئے تھے۔ 12ویں جماعت کا بقیہ سوالیہ پرچہ گیارہویں جماعت کے نصاب سے ترتیب دیا گیا تھا۔دریں اثناء ایڈمنسٹریٹو سیکریٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر پیوش سنگلا کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ بورڈ کی اس کوتاہی کی جانچ کرنے کیلئے ڈائکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر اور جموں پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔کمیٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ 11ویں جماعت کا سوالنامہ کیسے 12ویں جماعت کے امتحان میں تقسیم کیا گیا۔امتحانات کی منسوخی کے محرکات کیا بنے اور اس کی ذمہ داری کا تعین کیسے کیا جائے۔کمیٹی کو 7روز کے اندر رپورٹ پیش کرنیکا حکم دیا گیا ہے۔