عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر کے محکمہ موسمیات نے منگل کو 22 سے 25 جولائی کے لیے موسمی الرٹ جاری کیا ہے، جس میں جموں ڈویژن میں الگ تھلگ جگہوں پر موسلادھار سے بہت زیادہ بارش کی وارننگ دی گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 22 اور 23 جولائی کو جموں ڈویژن میں الگ تھلگ جگہوں پر ہلکی سے اعتدال پسند بارش، گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ وقفے وقفے سے کئی مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش ہو گی۔24 جولائی کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دورانیہ کے دوران جموں اور کشمیر دونوں میں الگ تھلگ مقامات پر شدیداور موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 25 سے 27 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا، چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ 28 سے 30 جولائی تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ایک ایڈوائزری میں، محکمے نے کچھ خطرناک مقامات پر سیلاب کے امکان سے متعلق خبردار کیا ہے، ساتھ ہی لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھر گرنے، آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ، اور کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔عہدیدار نے مزید کہا، “کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 22 سے 24 جولائی تک کھیت کی کارروائیوں کو معطل کر دیں۔”ادھرڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے ضلعی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے اور خطرات کو کم کرنے کے لیے قائم کردہ پروٹوکول کے مطابق ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کریں۔ محکمہ موسمیات نے ایک فلیش فلڈ گائیڈنس بلیٹن جاری کیا ہے، جس میں کٹھوعہ، سانبہ، ادھم پور، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن، ریاسی، جموں، راجوری، پونچھ، بارہمولہ سمیت کئی اضلاع میں سیلاب کے کم سے درمیانے درجے کے خطرے کی وارننگ دی گئی ہے۔