عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی کشمیر اپنا پہلا آٹوموبائل ریک وصول کرنے کے لیے تیار ہے کیونکہ شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے مانیسر میں ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کے ان پلانٹ گتی شکتی ٹرمینل (جی سی ٹی) سے اننت ناگ گڈز شیڈ کے لیے ٹرین روانہ کی ہے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ 116 سے زیادہ ماروتی سوزوکی گاڑیوں کو لے کر ٹرین مانیسر سے 12:35 بجے روانہ ہوئی اور 45 گھنٹے میں 850 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد کل نئے کھلے ہوئے اننت ناگ ٹرمینل تک پہنچنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریک سے جموں و کشمیر میں آٹوموبائل ٹرانسپورٹ کے لاجسٹک سیکٹر میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے کی امید ہے۔اگست کے شروع میں، پنجاب سے ایک سیمنٹ ریک اننت ناگ پہنچنے والی پہلی بلک گڈز ٹرین بن گئی۔ ستمبر میں، ایک مال بردار ٹرین کشمیری سیبوں کو وادی سے باہر کی منڈیوں تک لے گئی۔