عظمیٰ نیوز سروس
راجوری+پونچھ //11 واں بین الاقوامی یوم یوگا کے موقعہ پر راجوری ،پونچھ اور ریاسی اضلاع میں درجنوں مقامات پر سینکڑوں تقریبات منعقد کی گئیں ۔ضلع پونچھ میں 11 واں بین الاقوامی یوم یوگا انتہائی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تقریب اس سال کے عالمی تھیم ’ایک زمین، ایک صحت کے لئے یوگا‘ کے تحت انڈور اسپورٹس ہال، اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر شرکاء نے وزیراعظم نریندر مودی کی آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم سے براہ راست ٹیلی کاسٹ میں شرکت کی، جس نے قومی سطح پر یوگا ڈے تقریبات کی قیادت کی۔ضلع سطحی تقریب کی قیادت ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے کی، جنہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس اہلکاروں، طلباء ، اسپورٹس شوقین افراد اور سول سوسائٹی کے ارکان کے ہمراہ یوگا سیشن میں حصہ لیا۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوگا جسمانی اور ذہنی سکون کے لئے ایک موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’یوگا قوت مدافعت بڑھانے، ذہنی دباو کم کرنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے‘۔یوگا سیشن کی قیادت ماہر انسٹرکٹرز سنجنا شرما اور امتیاز احمد نے کی، جنہیں ماسٹر ٹرینرز ڈاکٹر ومل شرما اور ڈاکٹر بنظیر یوسف نے سپورٹ کیا۔ انہوں نے شرکاء کو مختلف آسن اور پرانایام کی مشقیں کروائیں، جو ہاضمہ بہتر بنانے، توانائی میں اضافہ اور ذہنی یکسوئی کے لئے مفید ہیں۔پروگرام کے انچارج ڈاکٹر خلیق انجم نے تقریب کی کامیاب نظامت کی اور تمام امور کو مربوط انداز میں انجام دیا۔ڈسٹرکٹ آیوش افسر ڈاکٹر سنجے رینا نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یوگا کو ذہنی و جسمانی طاقت، عقل اور برداشت کو بڑھانے کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ایک جامع طرز زندگی ہے جسے ہر فرد کو اپنانا چاہیے۔ضلع انتظامیہ ریاسی نے آیوش محکمہ کے اشتراک سے 2025 کا بین الاقوامی یوم یوگا بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ ضلع کے مختلف علاقوں میں تقریبات منعقد ہوئیں جن میں شہریوں، طلباء اور سرکاری افسران کی بھرپور شرکت دیکھی گئی۔اس سال کا تھیم ’ایک زمین، ایک صحت کے لئے یوگا‘ کو اجاگر کرتے ہوئے سب سے نمایاں تقریب چناب ریل پل کے ویو پوائنٹ پر منعقد ہوئی، جو دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل ہے۔ اس یادگار مقام پر یوگا مظاہرہ نے عوام کی بھرپور توجہ حاصل کی۔مرکزی تقریب انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں ڈی ڈی سی چیئرمین سراف سنگھ ناگ، ڈپٹی کمشنر نِدھی ملک، ایس ایس پی پرم ویر سنگھ، ایس ایس پی آئی آر پی انیتا شرما، اے ڈی ڈی سی سکھ دیو سنگھ سمیت کئی سرکاری افسران نے شرکت کی۔آیوش محکمہ کے یوگا انسٹرکٹر نے یوگا سیشن کی قیادت کی، جبکہ وزیراعظم کا براہ راست خطاب بھی دکھایا گیا۔ڈپٹی کمشنر نِدھی ملک نے اپنے خطاب میں یوگا کی جسمانی اور ذہنی اہمیت پر زور دیا اور ضلع کے مختلف حصوں میں منعقدہ تقریبات کو سراہا، خاص طور پر چناب پل پر منعقدہ سیشن کو مثالی قرار دیا۔اس موقع پر آیوش کے نوڈل افسر ڈاکٹر کمل کشور دوبے نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ کٹرہ کے شرائن بورڈ اسٹیڈیم اور مہور کے ہیلی پیڈ پر بھی یوگا سیشنز منعقد ہوئے۔ اسکولوں اور کالجوں میں بھی طلباء نے یوگا سیشنز میں شرکت کی اور یوگا کے فوائد سے واقفیت حاصل کی۔ضلع راجوری کی انتظامیہ نے آیوش محکمہ کے اشتراک سے 11 واں بین الاقوامی یوم یوگا اسپورٹس اسٹیڈیم کیھوڑہ میں عوامی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ تقریب میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی اور مختلف یوگا آسن ماہر انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں انجام دئیے۔یوگا سیشن کی قیادت جے اینڈ کے آیوش ڈائریکٹوریٹ کے ماہر انسٹرکٹرز نے کی، جنہوں نے جسمانی اور ذہنی تندرستی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف مشقیں کروائیں۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے اپنے خطاب میں یوگا کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا جسم اور دماغ میں ہم آہنگی پیدا کر کے ایک متوازن اور صحت مند زندگی کی طرف لے جاتا ہے۔تقریب میں ڈی آئی جی راجوری-پونچھ رینج تیجندر سنگھ، ایس ایس پی راجوری گورو سکاروار، پرنسپل جی ایم سی راجوری، دیگر ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے ارکان، طلباء اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ضلع کے تمام سب ڈویژنز میں بھی یوگا تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جن میں ایل او سی کے قریب واقع دیہی علاقوں اور خوبصورت امرت سروورز پر خصوصی یوگا سیشنز بھی شامل تھے۔یہ تمام تقاریب ڈاکٹر راکیش کمار شان، ڈسٹرکٹ آیوش آفیسر اور ڈاکٹر راج کمار بجاج، نوڈل آفیسر کی نگرانی میں منعقد ہوئیں۔
ہائر سیکنڈری اسکول بوائزمینڈھر میںیوگا ڈے منایا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول بوائز مینڈھرمیں 11 واں بین الاقوامی یوگا ڈے انتہائی جوش و جذبے اور عوامی شرکت کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں، اور مقامی لوگوں کی نمایاں موجودگی دیکھی گئی، جس سے یوگا کے فروغ اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔یہ پروگرام سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر، عمران رشیدکٹاریہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔تقریب میں ڈپٹی سی ای او پونچھ محمد لطیف چودھری، ایس ڈی پی او مینڈھرتوصیف احمد، اور پرنسپل ایچ ایس ایس بوائز مینڈھرسید سلیم شاہ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھرسے پروفیسر سرشاد حسین اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔تقریب کو کامیاب بنانے میں میر عالم (پی ای ایل، زیڈ پی ای او مینڈھر)، محبوب احمد (پی ای ایل)، ابرار احمد خان (پی ای ایم) اور وکرم بھاسن (پی ای ٹی) نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی محنت اور منظم تیاری کی بدولت پروگرام خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔تحصیل مینڈھرکے تمام فزیکل ایجوکیشن ملازمین نے سرگرم شرکت کی، جب کہ اسکول کے اساتذہ، طلبہ اور مقامی شہریوں کی شرکت نے اسے ایک جامع اور عوامی تقریب میں تبدیل کر دیا۔
ہائر سیکنڈری اسکول منڈی میں شاندارتقریب کا اہتمام
عشرت حسین بٹ
منڈی//صحت، نظم و ضبط اور روحانی سکون کے حسین امتزاج کے طور پر، بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی میں 11 ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کی مناسبت سے تحصیل منڈی کی سب سے بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام اسکول کے پرنسپل انور خان کی رہنمائی اور نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں 285 طلباء اور 30 اساتذہ و عملہ نے جوش و خروش سے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز اسکول کے سبزہ زار میں اجتماعی یوگا سیشن سے ہوا، جس میں شرکاء نے ماہر یوگا انسٹرکٹرز کی نگرانی میں مختلف آسن جیسے پرانایام، کپالبھاتی، انولوم وِلوم، اور دیگر بیٹھے و کھڑے ہو کر کئے جانے والے یوگا مظاہرے کئے۔ اس دوران یوگا کے فوائد اور اس کی روزمرہ زندگی میں افادیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل انور خان نے یوگا ڈے کی تاریخی اہمیت اور بین الاقوامی سطح پر اس کے فروغ میں بھارت کے کردار پر بات کی۔ انہوں نے کہاکہ ’یوگا نہ صرف جسمانی تندرستی بلکہ ذہنی سکون اور روحانی بالیدگی کا ذریعہ بھی ہے‘۔اس تقریب کے دوران یوگا پر مبنی کوئز اور پوسٹر سازی کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے تھے، جن کے فاتحین کو اسناد دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ پروگرام کا اختتام خوشگوار ماحول میں ریفریشمنٹ کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔یہ تقریب نہ صرف یوگا کی جسمانی و روحانی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے بلکہ یہ اسکول کی ہمہ جہتی تعلیمی پالیسی اور طلباء کی ہمہ گیر ترقی کے عزم کی بھی مظہر ہے۔
وبودھ گپتا نے حد متارکہ کے قریب لوگوں کیساتھ یوگا ڈے منایا
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سیکریٹری اور سابق ایم ایل سی وبودھ گپتا نے بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب کیری سیکٹر میں مقامی لوگوں کے ساتھ یوگا سیشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وبودھ گپتا نے کہا کہ سرحدی علاقے کے رہائشی ہمیشہ سے بھارت کے اتحاد اور طاقت کے اصل سفیر رہے ہیں۔ انہوں نے ان کے جوش و خروش اور بھرپور شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔وبودھ نے 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 69ویں اجلاس میں یوگا کو عالمی سطح پر تسلیم کروانے کی تجویز کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر نے اس وژن کو قبول کیا، اور دسمبر 2014 میں اقوام متحدہ نے 21 جون کو بین الاقوامی یوم یوگا قرار دے دیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ’2015 میں دہلی کے راج پتھ پر منعقدہ پہلے یوگا ڈے کی تقریب میں 84 ممالک سے 35,985 افراد نے یوگا میں حصہ لیا اور دو گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کئے، جو بھارت کے قدیم علم اور روحانی ورثے کا عالمی اعتراف ہے‘۔
منجاکوٹ میں یوگا ڈے پر پروگرام
نشہ مکت بھارت کی حلف برداری بھی کی گئی
عظمیٰ نیوز سروس
منجاکوٹ//زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر منجاکوٹ کے دفتر کی جانب سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول منجاکوٹ میں 11 واں بین الاقوامی یومِ یوگا منایا گیا۔ اس سال کا تھیم ’ایک زمین، ایک صحت ‘‘تھا۔ یہ پروگرام محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس، زون منجاکوٹ کے زیر اہتمام، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر راجوری کی صدارت اور انچارج زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر منجاکوٹ عبدالرشید خان کی نگرانی میں منعقد ہوا۔اس موقع پر ایس ڈی پی ائو منجاکوٹ، نائب تحصیلدار منجاکوٹ، بی ڈی ائومنجاکوٹ، وائس پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول منجاکوٹ ،ایس ایچ ائو منجاکوٹ اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول منجاکوٹ کے ہیڈ ماسٹر سمیت طلبہ اور مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔پروگرام میں تمام فیلڈ اسٹاف اور طلبہ نے یوگا آسن انجام دیے اور روزانہ یوگا کرنے کے فوائد سے متعلق شعور اجاگر کیا گیا۔ اس دوران نشہ مْکت بھارت کے تحت منشیات کے خلاف حلف بھی لیا گیا تاکہ سماج کو اس سنگین مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔