عظمیٰ نیوز سروس
ٹوکیو// وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے جاپان کے ساتھ اپنی خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کا نیا باب رقم کرتے ہوئے اگلی دہائی کے لیے ایک روڈ میپ تیار کیا ہے ۔ اس دوران جاپان ہندوستان میں دس لاکھ کروڑ ‘ین’ (تقریباً 5.98 لاکھ کروڑ روپے ) کی سرمایہ کاری کرے گا۔ جاپان کے دو روزہ دورے پر مسٹر مودی نے جمعہ کے روز یہاں اپنے جاپانی ہم منصب شِگیرُو ایشیبا کے ساتھ 15 ویں سالانہ سربراہ اجلاس کے دوران وفود کی سطح کی بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو عالمی امن اور خوشحالی کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا، [؟]آج ہماری گفتگو معنی خیز رہی۔ ہم دونوں اس پر متفق ہیں کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں اور زندہ دل جمہوری نظاموں کے طور پر ہماری شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے لیے بلکہ عالمی امن اور استحکام کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری میں نئے باب کا آغازکرتے ہوئے اگلی دہائی کے لیے روڈ میپ تیار کیا ہے ، جس کے تحت جاپان ہندوستان میں دس لاکھ کروڑ ‘ین’ کی سرمایہ کاری کرے گا۔مسٹر مودی نے جاپانی کمپنیوں کو ہندوستان میں مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تعاون اور شراکت داری کے لئے مدعو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کی ‘‘میک ان انڈیا’’ اسکیم کا حصہ بنیں۔وزیر اعظم نے جاپان اور ہندوستان کے درمیان انسانی وسائل کے تبادلے پر رضامندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت پانچ لاکھ افراد کا تبادلہ ہوگا اور 50 ہزار ماہر ہندوستانی جاپان کی معیشت کو مضبوط بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا، ‘‘انسانی وسائل کے تبادلے کے ورک پلان کے تحت اگلے پانچ سال میں مختلف شعبوں میں دونوں طرف سے پانچ لاکھ افراد کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس میں پچاس ہزار ماہر ہندوستانی جاپان کی معیشت میں فعال کردار ادا کریں گے ۔’’ماحولیات کے لیے سازگار توانائی کے شعبے میں تعاون پر زور دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، ‘‘قرض کے لیے ہماری مشترکہ سہولت توانائی کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی ہے ۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہماری ماحولیات سے متعلق شراکت داری ہماری اقتصادی شراکت داری کی طرح ہی مضبوط ہے ۔ اس راہ میں ہم پائیدار ایندھن سے متعلق پہل اور بیٹری سپلائی چین پارٹنرشپ بھی شروع کر رہے ہیں۔’’وزیر اعظم نے جاپان کی ٹیکنالوجی اور ہندوستان کی مہارت کو ‘‘وننگ جوڑی’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہائی اسپیڈ ریل پر کام کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک نئی نسل کی موبیلٹی شراکت داری کے تحت بندرگاہوں، ہوابازی اور شپنگ جیسے شعبوں میں بھی تیزی سے کام کریں گے ۔
مودی نے چندر یان-5 مشن میں تعاون کے لیے اسرو اور جاپانی اسپیس ایجنسی جے اے ایکس اے کے درمیان ہوئے اتفاق رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری زمین کی حدوں کو عبور کر کے خلاء میں بھی انسانیت کی ترقی کی علامت بنے گی!۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک آزاد، کھلے ، پرامن، خوشحال اور قوانین پر مبنی ہند-بحر الکاہل خطے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے دونوں ممالک کو تشویش ہے ۔ ساتھ ہی دفاع اور سمندری سلامتی کے شعبوں میں بھی دونوں کے مشترکہ مفادات ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے دفاعی صنعت اور اختراع کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔