اننت ناگ //جموں وکشمیر سٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے3روز قبل10ویں جماعت کے سالانہ امتحانات میںطلاب کی ناقص کارکردگی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ضلع اننت ناگ میں تین اسکولوں کے عملے کو ایک ہیڈ ماسٹر سمیت معطل کر دیا گیاہے۔چیف ایجوکیشن آفیسر اننت ناگ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہائی اسکول ونترنگ زون مٹن کے سبھی اساتذہ اور ہیڈ ماسٹر کو معطل کیا جا رہا ہے۔حکمنامے میں کہا گیا کہ علاوہ ازیں اسکول کے دسویں جماعت کے بچوں کے سالانہ امتحانات میں ناقص کارکردگی کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں جبکہ اس کے تدارک کے لئے بھی اقدام کئے جا رہے ہیں۔ ہائی اسکول پہرو کلناگ کے ہیڈماسٹر سمیت 12اساتذہ کے معطلی کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ گورنمنٹ ہائی اسکول کانڈی وارہ کے عملے کو بھی ان ہی وجوہات کی بنا پر معطل کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر سٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے بدھ کی سہ پہر کو کشمیر صوبے کے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا۔ان امتحانات میں زائد از 78 فیصد طلبا نے کامیابی حاصل کی ۔